Friday, May 17, 2024

نیب بتائے ملک کیساتھ کیا کرنا چاہتا ہے ، شاہد خاقان عباسی

نیب بتائے ملک کیساتھ کیا کرنا چاہتا ہے ، شاہد خاقان عباسی
March 26, 2021

اسلام آباد ( 92 نیوز) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب بتائے ملک کیساتھ کیا کرنا چاہتا ہے۔ آئندہ ماہ بجلی کی فی یونٹ قیمت 35روپے ہو جائے گی، حکومت اپنے اخراجات پورے کرنے کیلئے عوام پر بوجھ ڈال رہی ہے ، وزیراعظم کابینہ کو جتنا مرضی تبدیل کر لے ، ملک کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا ۔

میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ نیب ایک سیاسی ادارہ بن چکاہے ، نیب کو اچانک کورونا کیوں یاد آگیا؟ ، عدالتوں کا احترام ہونا چاہئے ،  احتساب کے ادارے انتقام کا ادارہ بن گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ  جب انصاف نہ ملے تو لوگ مشتعل ہوتے ہیں  ، حیران ہوں کہ وزیراعظم نے کورونا سے متاثر ہونے کے باوجود مریم نواز سے متعلق اجلاس کیا  ، پاکستان واحد ملک ہے جس نے ایک ٹیکہ بھی نہیں خریدا ، براڈ شیٹ کمیشن کہہ رہاہے کہ نیب کی فایلیں غائب ہو چکی ہیں ۔

رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ چینی کی قیمت 110روپے کلو تک پہنچ چکی ہے  ، دنیا کی مہنگی ترین بجلی کر دی گئی ہے  ، آئندہ ماہ بجلی  کی  فی یونٹ قیمت 35روپے ہو جاے گی ، حکومت اپنے اخراجات پورے کرنے کیلئے عوام پر بوجھ ڈال رہی ہے ، یہ حکومت کی خام خیالی ہے  عوام یہ بوجھ برداشت نہیں کر سکے گی ۔

شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ  لانگ مارچ سے متعلق جب فیصلہ ہوگا تب مارچ کرینگے ، جس طرح ملک کو چلایا جا رہا ہے اس سے ملک نہیں چل سکتا ، لانگ مارچ کوئی عدالتی تاریخ نہیں ہے۔