Sunday, May 19, 2024

نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس، چار نئے ریفرنس دائر کرنے کی منظوری

نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس، چار نئے ریفرنس دائر کرنے کی منظوری
May 23, 2019

 اسلام آباد (92 نیوز) نیب ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں چار نئے ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

نیب نے کرپٹ عناصر کے خلاف ڈنڈا اٹھا لیا۔ احتساب سب کےلئے کی پالیسی پر گامزن ہے۔

 نیب ایگزیکٹو بورڈ نے بدعنوانی کے 4 ریفرنسز دائر کرنے کی منظوری دی ۔ سابق ڈائریکٹر جنرل پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ چوہدری رشید احمد اور دیگر کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ ملزمان نے قومی خزانے سے 28.5 ملین روپے کی رقم ایڈورٹائزنگ ایجنسی کے ساتھ مل کرنکلوانے کی کوشش کی جسے بروقت کارروائی کے ذریعے پی اے آر سی نے ناکام بنا دیا۔

 سابق صدر بنک آف پنجاب نعیم الدین خان اور دیگر کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کیا جائے گا۔ ملزمان پر قومی خزانے کو 10.385 ملین روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے ۔

کراچی پورٹ ٹرسٹ آفیسرز کووآپریٹو ہاﺅسنگ سوسائٹی کے سیکرٹری گلاب خان اور دیگر کے خلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی دی گئی ۔ ملزمان نے خلاف ضابطہ من پسند افراد کو الاٹمنٹس کر کے قومی خزانے کو 110 ملین روپے کا نقصان پہنچایا۔

 سابق ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (SBCA)کراچی منظور قادر اور دیگرکے خلاف بھی ریفرنس دائر ہو گا۔ ملزمان نے نہر اخیام کراچی میں سرکاری زمین میسرز فرینڈز ایسوسی ایٹس کوغیر قانونی طور پر الاٹ کی اور قومی خزانے کو 3 ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔

 نیب اجلاس میں 3 انکوائریوں کی منظوری دی گئی۔ سابق چیف آپریٹنگ آفیسر زرعی ترقیاتی بنک لمیٹڈ سید طلعت محمود اور دیگر کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔ رکن قومی اسمبلی ناصر اقبال بوسال اور سابق سیکرٹری ٹو وزیر اعلٰی پنجاب امداد اللہ بوسال اور میسرز رداری گروپ پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف انکوائری منظوری دی گئی۔