Friday, May 17, 2024

نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ، خورشید شاہ کیخلاف انکوائری کی منظوری دے دی گئی

نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ، خورشید شاہ کیخلاف انکوائری کی منظوری دے دی گئی
July 31, 2019

اسلام آباد (92 نیوز) چیئرمین نیب جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں 9 انکوائریوں اور چار تحقیقات کی منظوری دے دی گئی ۔ پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما خورشید شاہ اور سابق گورنر کے پی سردار مہتاب عباسی بھی شامل ہیں۔

چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں 1 ریفرنس، 9 انکوائریوں، 4 انوسٹی گیشنز کی منظوری دی گئی۔  

نیب اعلامیہ کے مطابق نیب ایگزیکٹوبورڈ نے سید خورشید شاہ، سابق گورنر خیبر پختونخواہ سردار مہتاب خان عباسی کے خلاف انکوائری کھول دی ۔ سابق ایکسئن آپریشنز ٹیسکو فاٹا سرکل سید اکرام اللہ شاہ کیخلاف بد عنوانی کا ریفرنس دائر کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ ملزم پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور قومی خزانے کو 49.07 ملین روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔  

سابق سیکرٹریز انڈسٹریز پنجاب خالد شیر دل، ایس ڈی ایف اوفاریسٹ سب ڈویژن مینگورہ محمد اقبال خان، محکمہ اوقاف خیبر پختونخواہ ،محکمہ تعلیم کوئٹہ کی انتظامیہ، پرووینشل ہائی ویز ڈویلپمنٹ ڈویژن خیر پور کے اہلکاروں اور افسران ، سابق چیف ایگزیکٹو آفیسرسکھر الیکٹرک پاور کنسٹرکشن کمپنی، منور نذیر عباسی کیخلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔

 او جی ڈی سی ایل کی انتظامیہ، پرائیویٹائزیشن کمیشن کے عہدیداران ،ٹرسٹ انویسٹمنٹ بینک، وزارت اطلاعات و نشریات کے افسران و اہلکاروں کے خلاف انوسٹی گیشنزکی منظوری بھی دی گئی۔

 چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیب  "احتساب سب کے لئے " کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے۔ قانون اور شواہد کی بنیاد پر وائٹ کالر مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔

 ان کا کہنا تھا کہ بدعنوانی ایک ناسور ہے جو ملکی ترقی و خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔