Friday, April 19, 2024

نیب ایگزیکٹو بورڈ نے 3 کرپشن کیسز کی تحقیقات کی منظوری دے دی

نیب ایگزیکٹو بورڈ نے 3 کرپشن کیسز کی تحقیقات کی منظوری دے دی
June 23, 2020
 اسلام اباد (92 نیوز) نیب ایگزیکٹو بورڈ نے 3 کرپشن کیسز کی تحقیقات کی منظوری دے دی۔ سابق سیشن جج خضرحیات سمیت دیگر کیخلاف کرپشن کیس کی تحقیقات کی منظوری دے دی گئی۔ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی زیر صدارت نیب ایگزیکٹو بورڈ کا اہم اجلاس ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل اکاؤنٹیبلٹی نیب، ڈی جی آپریشن اور دیگر سینئر افسران کی شرکت ہوئی۔ نیب ایگزیکٹیو بورڈ نے سابق سیشن جج خضر حیات، سابق ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی شیر علی گورچانی، سابق رکن پنجاب اسمبلی احمد خان بلوچ کے خلاف تحقیقات جبکہ پانچ کرپشن کیسز کی انکوائریز کی منظوری دے دی۔ سابق رکن صوبائی اسمبلی پنجاب محمد نعیم انور ، میسرز فاطمہ گروپ آف کمپنیز کے ڈائریکٹرز /سی ای اوز کےخلاف کرپشن انکوائری کی بھی منظوری دی گئی۔ سابق مینیجنگ ڈائریکٹر پیپکو طاہر بشارت چیمہ کے خلاف انکوائری کی منظوری جبکہ سابق تحصیل ناظم ہارون آباد محمد یٰسین کے خلاف انکوائری ڈپٹی کمشنر کو ریفر کردی گئی ۔ ایم پی ایز غزالہ شاہین، غلام مرتضی سمیت دیگر کے خلاف جے آئی ٹی بنانے کی منظوری دیدی گئی ۔ جے آئی ٹی ایس ای سی پی، ایف بی آر، ایف آئی اے اور اسٹیٹ بنک حکام پر مشتمل ہو گی۔ چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال کہتے ہیں ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے نیب سنجیدہ کوششیں کر رہا ہے۔ نیب کی اولین ترجیح میگا کرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا ہے۔ انھوں نے کہا کہ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت ، گروہ اور فرد سے نہیں۔ نیب کا تعلق صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔