Wednesday, April 24, 2024

نیب اور پی آئی اے سمیت 116 سرکاری اداروں کو خود مختار کر دیا گیا

نیب اور پی آئی اے سمیت 116 سرکاری اداروں کو خود مختار کر دیا گیا
April 27, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز ) نیب اور پی آئی اے سمیت 116سرکاری اداروں کو خودمختارباڈی کا درجہ دیدیا گیا، نیب کو وزارت قانون سے الگ کرکے خود مختار بادی کا درجہ دیا گیا۔

دستاویزات کے مطابق  16 وزارتوں اور ڈویژن کے ماتحت اور منسلک اداروں کو خودمختار کردیا گیا ہے ، خودمختار درجہ ملنے کے بعد نیب سمیت 116 اداروں کو فنڈز کا خود بندوبست کرنا ہوگا ۔

خودمختارادارے ملازمین کی بھرتی،برطرفی سمیت مراعات کا فیصلہ کرنے میں بھی مجاز ہونگے، خودمختاراداروں کے افسران پلاٹس اورفلیٹس کےلئے مختص کوٹہ سے بھی نکل گئے، بیشترخودمختار اداروں کے ملازمین اور افسران ریٹائرمنٹ کےبعدپنشن سے محروم ہوجائیں گے۔

ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال سے وفاقی حکومت کی جانب سے ان اداروں کو فنڈز فراہم نہیں کئے جائیں گے ۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب افسران حکومتی اقدام پر پریشان ہو گئے ، اقدام کے باعث نیب افسران میں شدید بے چینی پیدا ہوگئی،  چئیرمین نیب کے سامنے معاملہ پیش کرکے حکومت سے رابطہ کیا جائے گا۔