Thursday, April 18, 2024

نیب اور دیگر معاملات پر متفقہ قانون سازی، حکومت اور اپوزیشن میں قربتیں بڑھنے لگیں

نیب اور دیگر معاملات پر متفقہ قانون سازی، حکومت اور اپوزیشن میں قربتیں بڑھنے لگیں
January 9, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) نیب اور دیگر معاملات پر متفقہ قانون سازی پر حکومت اور اپوزیشن میں قربتیں بڑھنے لگیں۔ حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے درمیان قانون سازی پر مذاکرات سپیکر چیمبر میں ہوئے ۔ وزیر قانون فروغ نسیم، وزیر پارلیمانی امور اعظم سواتی، رانا ثنا اللہ، رانا تنویر، خواجہ سعد رفیق، پرویز اشرف اور سید نوید قمر شریک ہوئے۔ حکومت قومی اسمبلی سے ایک ہی دن درجن سے زائد پاس کردہ بلز اور آرڈیننس واپس لینے اور قانون سازی کے مراحل مکمل کرنے پر رضا مند ہو گئی ۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے نیب آرڈیننس میں بھی اپوزیشن کی تجاویز شامل کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی۔ اس حوالے سے پیپلز پارٹی کا سینیٹ میں متعارف کردہ بل اور ن لیگ دور کے مسودے پر بھی مشاورت کی جائے گی۔ رہنما مسلم لیگ ن رانا ثناءاللہ کا کہنا ہے کہ نیب بارے حکومت اور اپوزیشن کے مجوزہ نکات سامنے رکھ کر متفقہ نکات کو نئے قانون میں شامل کیا جائے گا۔ حکومت اور اپوزیشن میں طے پانے والے فارمولا کے مطابق 9 میں سے 3 آرڈیننس منظور تصور ہونگے جبکہ 6 پاس کردہ بلوں میں سے 4 بلز اتفاق رائے سے منظور کروائے جائیں گے ۔ دو بلز قائمہ کمیٹی سے منظوری کے بعد قومی اسمبلی میں پیش کئے جائیں گئے ۔