Thursday, April 25, 2024

نیب اور حکومت ایک ہی چیز بن گئے ہیں، شاہد خاقان عباسی

نیب اور حکومت ایک ہی چیز بن گئے ہیں، شاہد خاقان عباسی
September 7, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی چیئرمین نیب پر کڑی تنقید کی، کہتے ہیں نیب اور حکومت ایک ہی چیز بن گئے ہیں۔ نیب نے ملک کو مفلوج کر دیا، نیب کا مقصد سیاست پر اثرانداز ہونا اور سیاسی وفاداریاں بدلنا ہے۔

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ایل این جی ریفرنس میں احتساب عدالت اسلام آباد میں پیشی ہوئی۔ نیب گواہ نے عدالت کو بتایا کہ وہ سوئی سدرن گیس کمپنی میں 2016 سے ایل این جی ڈیپارٹمنٹ میں چیف انجینئر ہیں۔ انہوں نے نیب کے تفتیشی افسر کے سامنے ریکارڈ کرائے گئے بیان پردستخط نہیں کیے۔ عدالت نے وکلا کی جرح مکمل نہ ہونے پر سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

شاہد خاقان عباسی نے پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ ایل این جی کا دنیا کا سب سے سستے دام کا سودا پاکستان اور قطر کے درمیان حکومتی سطح پر ہوا، نیب موجودہ حکومت کے مہنگی ایل این جی خریدنے پر تحقیقات نہیں کرے گا۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ نیب کا مقصد سیاست پر اثرانداز ہونا اور سیاسی وفاداریاں بدلنا ہے۔ شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کی مدت میں توسیع کی قانون میں کوئی گنجائش نہیں۔ توسیع ہوئی تو یہ معاملہ سپریم کورٹ تک جائے گا۔