Sunday, May 12, 2024

نیا سال پاکستان کے اوپر جانے کا سال ہے، وزیراعظم

نیا سال پاکستان کے اوپر جانے کا سال ہے، وزیراعظم
January 1, 2020
 اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا نیا سال پاکستان کے اوپر جانے کا سال ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے نئے سال میں خوشحالی اور نوکریاں دینے کا ایک اور وعدہ کر لیا۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے دعویٰ کیا کہ دو سال کے دوران ملک میں سیاحت دوگنی ہو چکی ہے۔ عمران خان نے کہا قوموں کی زندگی میں مشکل سال آتے ہیں۔ اللہ کا شکر ہے 2019 میں ملک کو مستحکم کرنےمیں کامیاب ہو گئے ۔ معیشت میں استحکام آیا ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا میں جب سے سیاست میں آیا میرا ویژن ہے ہم نے ریاست مدینہ کی طرز پر اپنی ریاست کی بنیاد رکھنی ہے۔ ریاست مدینہ کی ویژن ایشین ٹائیگر بنانے کے لیے نہیں تھی۔ وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب میں کہا پاکستان میں بے انتہا پوٹینشل ہے۔ پاکستان کا پوٹینشل ہر علاقے میں ہے۔ ہمیں یہ بھی نہیں پتہ تھا کہ پاکستان میں معدنیات کے کس قدر ذخائر ہیں۔ ہم نے کبھی ٹیکنالوجی اور ریسرچ پر انویسٹ نہیں کیا۔ عمران خان بولے لوگ جب پاکستان کی سیاحت کے بعد اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر ڈالتے ہیں تو پاکستان کی تشہیر ہوتی ہے۔ ترکی 40 ارب ڈالر اور سوئٹزرلینڈ میں 80 ارب ڈالر کی سیاحت ہے۔ پاکستان میں سیاحتی علاقہ سوئٹزرلینڈ کے کل رقبے سے دوگنا ہے۔ انہوں نے کہا ہم اس طرف جارہے ہیں جو میرا اصل ویژن ہے۔ ہم چاہتے ہیں پاکستان ایک فلاحی ریاست بنے۔ پاکستان کے نوجوان ہماری سب سے بڑی طاقت بن سکتی ہے۔ ہم چاہتے ہیں نوجوانوں کو تعلیم دیں تاکہ وہ پاکستان کی ترقی میں کردار ادا کریں۔