Sunday, September 8, 2024

نیا سال نئے ٹیکس‘ ایف بی آر نے مہنگی گاڑیاں اور قیمتی پلاٹ رکھنے والوں کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا

نیا سال نئے ٹیکس‘ ایف بی آر نے مہنگی گاڑیاں اور قیمتی پلاٹ رکھنے والوں کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا
July 11, 2016
لاہور (92نیوز) ایف بی آر کے ریجنل آفس بھی نئے افراد کوٹیکس نیٹ میں لانے کے لئے سرگرم ہو گئے۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے مہنگی گاڑیاں اور قیمتی پلاٹ رکھنے والوں کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا۔ نئے افراد سے سات کروڑ روپے ٹیکس وصول بھی کر لیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے ٹیکس نیٹ وسیع کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا اور نئے مالی سال کے آغاز پر ہی اس کے لیے عملی طور پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔ ایف بی آر ذرائع کے مطابق مہنگی گاڑیاں خریدنے والے، قیمتی پلاٹس رکھنے والے اور بار بار بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کا ڈیٹا اکٹھا کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے معلومات محکمہ ایکسائز، بڑی ہاوسنگ سوسائٹیز، ٹریول ایجنسیوں اور مہنگے سکولوں سے ڈیٹا جمع کر لیا گیا ہے۔ ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور کے ریجنل آفس کو ڈیٹا پہنچا دیا گیا ہے اور انہوں نے کارروائی کرتے ہوئے نئے افراد سے سات کروڑ روپے ٹیکس کی مد میں وصول بھی کر لیے ہیں۔ ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ پندرہ لاکھ سے زائد افراد کو ٹیکس نیٹ میں شامل کیا جائے گا۔