Friday, May 17, 2024

نیا الیکشن ہوگا، تاریخ نہیں دے سکتے، سابق صدر آصف زرداری

نیا الیکشن ہوگا، تاریخ نہیں دے سکتے، سابق صدر آصف زرداری
January 29, 2019
لاہور ( 92 نیوز) سابق صدر آصف علی زرداری نے ملک میں نئے الیکشن کا عندیہ دے دیا کہتے ہیں میاں صاحب کی بےوقوفی سے عمران کو حکومت میں آنے کا موقع ملا، نیا الیکشن ہوگا، تاریخ نہیں دے سکتے۔ سیاست کے رموزواوقاف خوب جاننے والے سابق صدر آصف علی زرداری حکومت کے خلاف کھل کر سامنے آ گئے ۔نائینٹی ٹو نیوز کے پروگرام ہو کیا رہا ہے ملکی سیاست اور پی ٹی آئی حکومت پر خوب بولے اور ماضی حال کے سیاسی حریفوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ سابق صدر نے کہا کہ حکومت سے ٹیکس اکٹھا نہیں ہو رہا، انہیں مزید 6 ماہ دینے چاہئیں۔ عمران خان ہر بات پر چھکا لگاتے ہیں، جب چھکا لگائیں گے تو آؤٹ ہو جائیں گے، اپوزیشن چاہے تو پنجاب اور وفاق میں حکومت کیلئے مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔ سکسر کون لگاتا ہے اور انجام کیا ہوگا ۔پروگرام ہو کیا رہا ہے میں بات کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ پارلیمنٹ میں کچھ کام نہیں ہوگا تو آؤٹ ہی سمجھیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے نئے الیکشن کی بات تو ضرور کی تاہم تاریخ دینے سے گریز کیا۔ آصف علی زرداری میدان سیاست کے اہم کھلاڑی ٹھہرے سڑکوں پر گھسیٹے جانے بارے سوال کا جواب بھی خوب دیا اور کہا کہ سڑکوں پر گھسیٹے جانے کی باتیں جلسوں کی باتیں ہوتی ہیں حقیقت میں ایسا نہیں ہو سکتا۔ جعلی اکاؤنٹس کے بارے میں سوال پر زرداری نے کہا کہ ایک مشہور بزنس مین نے کہا ہے کہ جعلی اکاؤنٹس کے بغیر کوئی بزنس مین نہیں چل سکتا۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ عمران خان حادثاتی طور پر وزیراعظم بنے۔ صدارتی نظام لانے کی کوشش کی گئی تو مزاحمت کریں گے۔ سانحہ ساہیوال پر انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا وزیراعلیٰ کو مستعفی ہوجانا چاہیے ۔پنجاب میں فارورڈ بلاک بن سکتا مگر جلدی نہیں۔ سابق صدر نے کہا کہ چیئرمین نیب کو انصاف کے  لئے لائے جبکہ نیب سیاسی ہو گیا تاہم نیب قوانین پر کام ہو سکتا ہے ، اُنہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت دیکھ سکتی ہے ہماری حکومت نے بہت کام کیا ۔فواد چودھری کو اُن کے سوا کوئی نہیں جانتا یہ لوگ سندھ میں کیا تحریک چلائیں گے۔ میرے دوستوں کو میرے دوست ہونے کی سزا دی گئی ۔آصف علی زرداری نے کہا کہ انور مجید پر کسی بینک کا قرضہ نہیں ،سب سامنے آ جائے گا۔ زرداری نے کہا کہ ان پر کرپشن کا کوئی کیس نہیں، سابق چیف جسٹس نے کیسز اسلام آباد منتقل کر دیے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ مدعا سندھ میں سنا جانا چاہیے تھا، ثاقب نثار چلے گئے سب ٹھیک ہو جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک ہمارے حکومت نے شروع کیا۔