Friday, April 26, 2024

نیئربخاری کیخلاف وارنٹ گرفتاری کے باوجود پولیس کارروائی سے گریزاں

نیئربخاری کیخلاف وارنٹ گرفتاری کے باوجود پولیس کارروائی سے گریزاں
May 5, 2016
اسلام آباد (92نیوز) سابق چیئرمین سینیٹ نیئر بخاری کے خلاف ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود پولیس گرفتاری سے کتراتی رہی۔ پولیس نے عدالت سے وارنٹ گرفتاری حاصل کر لیے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سابق چیئرمین سینٹ نیئر بخاری ایف ایٹ کچہری پہنچے۔ سپیشل برانچ کے اہلکار نے تلاشی لینے کی جرات کی تو نیئر بخاری بپھر گئے اور دھکے دینے لگے۔ بیٹے نے آو دیکھا نہ تاو سکیورٹی اہلکار کو تھپڑ جڑ دیا۔ پھر کیا تھا سکیورٹی پر مامور دیگر اہلکاروں کو بھی کان ہو گئے اور وہ بیچ بچاو کرانے لگ گئے۔ شہریوں کی سکیورٹی پر کیلئے نصب کیمروں نے تمام مناظر محفوظ کر لیے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ نیئر بخاری نے سکیورٹی اہلکار محمد ریاض کو دھکے دیے اور بیٹے جرال شاہ نے تھپڑ رسید کیا۔ پھر دونوں باپ بیٹا ڈان کی طرح چلتے بنے اور سکیورٹی اہلکار منہ تکتے رہ گئے۔ تشدد کا نشانہ بننے والے اہلکار کو کچھ نہ سوجھی تو اس نے تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج کرا دیا لیکن گرفتاری کی جرات کون کرتا؟ باپ بیٹے کی گرفتاری کو التوا میں ڈال دیا گیا لیکن پولیس آج ایک بار پھر متحرک ہوئی اور عدالت کے ذریعے گرفتاری کے وارنٹ حاصل کر لیے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابھی تک پولیس کی جانب سے مکمل خاموشی ہے اور کسی قسم کی ٹیم تشکیل نہیں دی گئی۔