Monday, September 16, 2024

نہتے فلسطینیوں پر مظالم، ترک صدر نے اسرائیل کو کھری کھری سنا دیں

نہتے فلسطینیوں پر مظالم، ترک صدر نے اسرائیل کو کھری کھری سنا دیں
April 2, 2018

استنبول ( 92 نیوز ) نہتے فلسطینیوں پر مظالم کیخلاف  ترک صدر طیب اردوان نے اسرائیل کو کھری کھری سنا دیں ، طیب رجب ادوان نے کہا کہ صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو ایک دہشتگرد اور قابض ہیں ، ادھر اسرائیل نے غزہ میں ہونے والی درندگی کی تحقیقات کیلئے اقوام متحدہ کا مطالبہ مسترد کردیا ہے۔

غزہ میں فلسطینیوں کے پرامن مارچ کو نشانہ بنانے کے خلاف ترکی کے صدر طیب اردوان کا شدید ردعمل سامنے آیا ہے، انھوں نے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہم عفرین میں دہشت گردوں سے لڑ رہے ہیں ، اسرائیل کو دہشتگردوں سے واسطہ نہیں کیونکہ وہ خود ایک دہشتگرد ریاست ہے ۔

ترک صدر نے اسرائیلی وزیراعظم کو قابض اور دہشت گرد بھی قرار دیا ، طیب اردوان نے کہا کہ نیتن یاہو جو کچھ فلسطین میں کررہے ہیں اسے اسرائیلی عوام بھی پسند نہیں کرتے ۔

ترکی کے صدر طیب اردوان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیل کو کیمیائی ہتھیاروں کا حصول بند کرنا ہوگا، یہ ہتھیار ان کے کسی کام نہیں آئیں گے ۔

دوسری جانب اسرائیل نے اقوام متحدہ کا غزہ میں درندگی کی تحقیقات کا مطالبہ مسترد کر دیا ، اسرائیلی وزیر دفاع نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے فوجیوں نے وہی کیا ہے، جو ضروری تھا ، اس کارروائی پر وہ میڈل کے مستحق ہیں ۔