Sunday, May 12, 2024

نہ مارشل لا آرہا ہے نہ عمران خان جارہا ہے، شیخ رشید

نہ مارشل لا آرہا ہے نہ عمران خان جارہا ہے، شیخ رشید
October 31, 2020
لاہور (92 نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کہتے ہیں کہ نہ مارشل لا آرہا ہے نہ عمران خان جارہا ہے۔ ریاست سے لڑائی کے نتائج بڑے سنگین ہوں گے۔ وفاقی وزیر شیخ رشید نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی لڑائی آپ کا حق ہے، ریاست سے لڑائی غیر ملکی ایجنڈا ہے، ایسا نہ ہو سیاسی قوتوں کو پچھتانا پڑے۔ نوازشریف اور مریم نواز نے جو کچھ بویا ہے،ان کیلئے سیاست مشکل ہو گئی، پیپلزپارٹی نے مناسب طریقے سے کھیلا۔ ملکی سطح پر فضل الرحمٰن کی سیاست بڑی پارٹیوں کی مرہون منت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں اندر سے انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، ایاز صادق کے بیان پر پاکستان کے دشمن شادیانے بجا رہے ہیں، بھارت کو جو شکست ہوئی تھی وہ اس پر اپنے داغ دھو رہا ہے۔ کوئی ذمے دار انسان اپنی افواج کیخلاف اتنی گھٹیا زبان استعمال نہیں کرسکتا، یہ باروی سرنگوں پر پاؤں رکھ کر چلنا اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں، اِنہیں ہزیمت اٹھانا پڑے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ غیر ملکی ایجنڈے پر پاکستان پر سرمایہ کاری کی جارہی ہے، پاکستان کیخلاف ہندوستان جو جال بچھا رہا اور ان کے آلہ کاروں سے بھی ادارے آگاہ ہیں، آخر کار سیاست کا انجام ڈائیلاگ اور مشاورت ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کرپشن کیسز سے ہٹ کر وہ مشاورت کیلئے تیار نہیں۔ سیاستدانوں کو عقل کے ناخن لینے چاہیئں، حالات جس طرف جا رہے ہیں وہ خوش آئند نہیں۔