Thursday, April 18, 2024

نگران وزیراعظم کون ہوگا ؟ خورشید شاہ نے نام منگل کو بتانے کا اعلان کر دیا

نگران وزیراعظم کون ہوگا ؟ خورشید شاہ نے نام منگل کو بتانے کا اعلان کر دیا
May 19, 2018
اسلام اباد (92 نیوز) نگران وزیراعظم کون ہوگا ؟ خورشید شاہ نے نام منگل کو بتانے کا اعلان کر دیا جبکہ چاروں صوبوں میں نگران وزرائے اعلیٰ کے لئے بھی نام فائنل نہیں ہو سکے ۔ پنجاب کا نگران وزیراعلیٰ کون ہو گا ، حکمران جماعت اور پیپلزپارٹی کی جانب سے اب تک کوئی نام سامنے نہیں آیا ۔ تاہم پی ٹی آئی نے ڈاکٹر صفدر محمود، سابق گورنر اسٹیٹ بینک شاہد کاردار، اور طارق کھوسہ کے نام دیئے ہیں جبکہ جماعت اسلامی نے ڈاکٹر صفدر محمود ، سابق جسٹس ہائی کورٹ لاہور میاں اللہ نواز اور خضر حیات گوندل کے نام پیش کئے ہیں۔ دوسری طرف سندھ میں نگران وزیر اعلیٰ کے لئے حکومتی جماعت نے سابق چیف سیکرٹری سندھ فضل الرحمن اور سابق جج دیدار حسن شاہ کے ناموں پر غور کیا ۔ حکومت سندھ جلد دونوں نام اپوزیشن کے سامنے رکھے گی تاہم ذرائع نے کہا کہ فنکشنل لیگ سید غوث علی شاہ کو نگران وزیراعلیٰ سندھ بنانے کے لئے کوشاں ہیں ۔ بلوچستان کے نگران وزیراعلیٰ کے لئے وزیراعلیٰ بلوچستان اور اپوزیشن رہنما کے درمیان اب تک کوئی ملاقات نہیں ہوئی ۔ دوسری طرف علاؤالدین مری اور سردار صالح بھوتانی ہارٹ فیورٹ ہیں جبکہ شمع پروین مگسی اور سابق نگران وزیراعلی میر نصیر مینگل کے نام بھی شامل ہیں۔ خیبر پختونخوا میں بھی صورتحال واضح نہیں ۔ ابھی تک نگران وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق نہیں ہو سکا ، تاہم نگران وزیراعلیٰ کے لئے جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک ،جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان اور سابق آئی جی پی عباس خان کے نام گردش کر رہے ہیں۔