Saturday, May 4, 2024

نگران وزیر اعظم کے نام پر آج بھی اتفاق نہ ہو سکا

نگران وزیر اعظم کے نام پر آج بھی اتفاق نہ ہو سکا
May 22, 2018
اسلام آباد (92 نیوز)  نگران وزیراعظم کے نام پر آج بھی اتفاق نہ ہو سکا۔ خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم سے کل یا پرسوں دوبارہ ملاقات ہو گی۔ وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر نگران وزیراعظم کے نام پر متفق نہ ہوئے تو معاملہ پارلیمانی کمیٹی کو جائے گا۔ قبل ازیں پیپلزپارٹی کی طرف سے دو نام سامنے آئے ۔ سابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف اور جلیل عباس جیلانی شامل ہیں جبکہ سابق اسپیکر سندھ اسمبلی عبداللہ حسین ہارون کا نام بھی امیدواروں کی فہرست میں ہے۔ حکمران جماعت  کی جانب سے بھی نگران وزیر اعظم کے لیے تین نام زیر گردش ہیں ۔ ن لیگ کے اُمیدواروں میں جسٹس ریٹائرڈ ناصر الملک ، جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی اور عشرت حسین شامل ہیں۔ واضح رہے تحریک انصاف نے نگران وزیراعظم کے لئے جو نام دیئے اُن میں بھی عشرت حسین اور جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی کا نام شامل ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ نگران وزیراعظم کا قرعہ کس کے نام نکلے گا ۔ نگران وزیراعظم کوئی بھی ہو ،بہت سے چیلنجز کا سامنا ہو گا۔