Saturday, May 11, 2024

نوے کی دہائی کی صورتحال سے بچنے کیلئے افغانستان کو تنہا نہ چھوڑا جائے ، شاہ محمود قریشی

نوے کی دہائی کی صورتحال سے بچنے کیلئے افغانستان کو تنہا نہ چھوڑا جائے ، شاہ محمود قریشی
August 22, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے نوے کی دہائی کی صورتحال سے بچنے کیلئے افغانستان کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزف بوریل سے ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں افغانستان کی بدلتی ہوئی صورتحال اور علاقائی امن و امان کے حوالے سے تبادلہ ء خیال کیا گیا۔ وزیر حارجہ نے جوزف بوریل کو افغانستان سے غیر ملکی سفارتی عملے اور دیگر افراد کے انخلا کیلئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خوشی ہے کہ افغانستان کے حوالے سے پاکستان اور یورپی ممالک کے نکتہ نظر میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ پاکستان، افغانستان میں دیرپا قیام امن کیلئے اجتماعیت کے حامل سیاسی تصفیے کا حامی ہے۔ موجودہ حالات کے تناظر میں پاکستان، افغان شہریوں کی جان و مال اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے جانے کا خواہشمند ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کابل میں جاری مذاکرات کی کامیابی، افغانستان میں دیرپا امن کیلئے ناگزیر ہے۔ نوے کی دہائی کی صورتحال سے بچنے کیلئے ضروری ہے کہ افغانستان کو تنہا نہ چھوڑا جائے۔

شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری سے افغانستان کی تعمیر نو اور افغان عوام کی معاشی معاونت کیلئے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔ وزیر خارجہ نے یورپی یونین کو افغانستان سے سفارتی عملے کے انخلا کے حوالے سے ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔