Thursday, April 25, 2024

نویں سے بارہویں کلاسز تک تعلیمی ادارے 18 جنوری سے کھولنے کا اعلان

نویں سے بارہویں کلاسز تک تعلیمی ادارے 18 جنوری سے کھولنے کا اعلان
January 15, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) نویں سے بارہویں کلاسز تک تعلیمی ادارے 18 جنوری سے کھولنے کا اعلان کر دیا گیا۔ کسی کو بغیر امتحان پاس نہیں کیا جائے گا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تعلیمی ادارے مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ 9 ویں، 10، 11 اور 12 ویں کلاسز کا تعلیمی سلسلہ 18 جنوری کو شروع ہو جائے گا۔ جن کلاسز کا آغاز 25 جنوری کو ہونا تھا اب وہ یکم فروری سے شروع ہوں گی۔ ہائر ایجوکیشن کے تعلیمی ادارے بھی یکم فروری سے کھلیں گے۔

وزیر تعلیم نے اعلان کیا کہ مارچ اور اپریل میں ہونے والے بورڈز کے امتحانات ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ بورڈ کے امتحانات اب مئی اور جون میں ہوں گے۔ اس سال کسی بچے کو امتحان کے بغیر پاس نہیں کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر تعلیم نے تسلیم کیا کہ تعلیمی ادارے بند کرنے سے ملک کورونا کے مثبت کیسز کی شرح میں کمی واقع ہوئی ہے اور اب یہ شرح 7.14 سے کم ہو کر 6.10 پر آگئی ہے۔