Thursday, April 25, 2024

نویں جماعت کی مطالعہ پاکستان کی کتاب میں ختم نبوت کی عبارت میں تبدیلی ، ہزاروں کتب چھپ گئیں

نویں جماعت کی مطالعہ پاکستان کی کتاب میں ختم نبوت کی عبارت میں تبدیلی ، ہزاروں کتب چھپ گئیں
July 13, 2019
لاہور ( 92 نیوز) نویں جماعت  کی مطالعہ پاکستان کی کتاب میں ختمِ نبوت کی عبارت میں تبدیلی کر دی گئی جب کہ  ہزاروں کتابیں چھپ گئیں ، کئی ہزار تقسیم بھی ہوگئیں لیکن پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ سویا رہا۔ 92نیوز نے معاملہ اٹھایا تو محکمہ اسکول ایجوکیشن کو بھی ہوش آیا، صوبائی حکومت نے سنگین غلطی نجی پبلشر پر ڈال  کر کارروائیاں شروع کر دیں ۔ نویں جماعت  کی مطالعہ پاکستان کی کتاب میں ختمِ نبوت کی عبارت میں تبدیلی  ، پبلشر نے دانستہ طور پر بغیر منظوری کے ختم نبوت کی عبارت میں تبدیلی کی ، ہزاروں کتابیں چھپ گئیں  اور  تقسیم بھی ہو گئیں  ، ترمیم شدہ مسودے کے ساتھ کتابیں  چھپے کئی ماہ ہو گئے ۔لیکن پنجاب ٹیکس بک بورڈ سویا رہا ، کسی ذمہ دار کو پتہ چلا اور نہ ہی کسی نے نوٹس لیا ۔ معاملہ 92 نیوز نے اٹھایا تو محکمہ اسکول ایجوکیشن خواب خرگوش سے جاگا  اور نوٹس پر پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ نے چھاپے مارنے شروع کردیے ، ذرائع کے مطابق چھاپہ مارٹیموں نے  36ہزار سے زائد کتابیں قبضے میں لے لیں ۔ چینل 92 نیوز کے معاملہ اٹھانے پر وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کو بھی ہوش آگیا ، کہتے ہیں تعلیمی لٹریچر میں ختم نبوت کے معاملات سے متعلق چھیڑ چھاڑ ہرگز برداشت نہیں کریں گے ۔ پنجاب ٹیکس بک بورڈ نے اپنے وضاحتی بیان میں سارا ملبہ ایک پرائیویٹ پبلشر  جی  ایف ایچ  پر ڈال کر معاملے سے جان چھڑانے کی کوشش بھی کی ،  پنجاب ٹیکسٹ بک بورڈ کے مطابق کتاب ایک پرائیویٹ پبلشر کی شائع کردہ ہے  جو کہ منظور شدہ مسودے کے مطابق نہیں ہے ۔ ریکارڈ مطابق شدہ مسودے کے صفحہ نمبر 5 پر ختمِ نبوت سے متعلق عبارت موجود ہے  ، واقعہ کا مقدمہ تھانہ نیوانار کلی میں درج کرلیا گیا، جوکہ جی ایف ایچ پبلشر کے دو مصنفین محمد حسین چوہدری اور مسز اعظمی اعظم کے خلاف درج کیا گیا،مقدمہ 295 سی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے ۔ کتاب  کے مسودے میں سنگین غلطی نے کئی سوالوں کو جنم دے دیا  ، کتابیں چھپ کر تقسیم ہو گئیں لیکن ذمہ داروں کو خبر کیوں نہ ہوئی ، پنجاب ٹیکس بک بورڈ کے ذمہ دار  کیوں سوئے رہے  انہیں معاملے کا پتہ کیوں نہ چلا ،کتاب میں تبدیلی ہوئی تو کسی نے چیک  کیوں نہ کیا ؟ ، طے شدہ مسودے کے بعد کتاب کی چھپائی کے بعد اسے چیک کرنا کس کی ذمہ داری ہے ؟۔