Friday, April 26, 2024

نوکیا نے جدید سمارٹ فونز اور ٹیبلٹس کی تیاری کیلئے تائیوانی کمپنی سے معاہدہ کر لیا

نوکیا نے جدید سمارٹ فونز اور ٹیبلٹس کی تیاری کیلئے تائیوانی کمپنی سے معاہدہ کر لیا
May 18, 2016

لندن (ویب ڈیسک) نوکیا موبائل لورز کیلئے خوشخبری ہے کہ جلد ہی نوکیا کے موبائل فونز دوبارہ مارکیٹ میں آنے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نوکیا کے ایک سابق ایگزیکٹو افسر نے نوکیا کے نام سے موبائل فون مارکیٹ میں لانے کیلئے موبائل فون تیار کرنیوالی کمپنی فیکس کون سے اتحاد کر لیا ہے اور اپنی موبائل ڈیوائسز کو نوکیا کا نام دینے کیلئے لائسنس ڈیل کرنے میں مصروف ہیں۔

یاد رہے کہ ایک زمانے میں نوکیا موبائل فون تیار کرنیوالی دنیا کی سب سے بڑی کمپنی ہوا کرتی تھی مگر نوکیا زمانے کی تبدیلی کے ساتھ اپنے آپ کو بدلنے میں ناکام رہی۔ ایپل اور سام سنگ کے اینڈرائیڈ موبائلز مارکیٹ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے جس سے نوکیا مارکیٹ سے رفتہ رفتہ غائب ہو گئی۔ شدید مالی خسارے کے باعث نوکیا نے 2014ءمیں موبائل فونز کا تمام کاروبار مائیکروسوفٹ کو فروخت کر دیا اور آج کل صرف ٹیلی کام نیٹ ورک پر کام کرنے تک ہی محدود ہے۔

نوکیا نے اپنے ایک بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ اس نے ایچ ایم ڈی گلوبل کے ساتھ لائسنس کیلئے دس سالہ معاہدے پر دستخط کر دیے ہیں۔ معاہدے کے تحت ایچ ایم ڈی نوکیا کے نام سے جدید سمارٹ فونز اور ٹیبلٹس تیار کرے گی۔ خیال رہے کہ ایچ ایم ڈی کا مالک جین فرینکوئز بیرل نوکیا کا سابق ایگزیکٹو رہ چکا ہے۔

نوکیا کی جدید موبائل ڈیوائسز کی تیاری تائیوانی کمپنی فیکس کون کرے گی جبکہ نوکیا موبائل فونز کی فروخت پر رائلٹی وصول کرے گا۔ دوسری جانب مائیکروسافٹ نے اینٹری لیول فونز کو 350 ملین ڈالرز کے عوض ایچ ایم ڈی اور فیکس کون کو بیچنے کا اعلان کیا ہے۔