Thursday, April 25, 2024

نون لیگ کی قیادت کے بیانیے سے انتشار پیدا ہو سکتا ہے ، غیاث الدین

نون لیگ کی قیادت کے بیانیے سے انتشار پیدا ہو سکتا ہے ، غیاث الدین
November 9, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) ایم پی اے غیاث الدین نے کہا نون لیگ کی قیادت کے بیانیے سے انتشار پیدا ہو سکتا ہے۔ غیاث الدین کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا شاید وہ کسی کی پشت پناہی پر باہر بیٹھ کر ملک مخالف بیانات دے رہے ہیں۔ نواز شریف اور ایازصادق نے جو بیان دیا اس سے لگتا ہے یہودیوں کا ایجنڈا پورا کر رہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا تھا زرداری کا پیٹ چیر کر کرپشن کا پیسہ نکالوں گا، آج اسی زرداری کے ساتھ بیٹھ کر بات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا چند سیاسی افراد قومی اداروں کو غلط مقاصد کے لئے استعمال کر رہے ہیں ۔ ایسا کسی بھی صورت قابل قبول نہیں ہے۔ کچھ سیاسی جماعتیں اور ان کے کرپٹ رہنما اپنے سیاسی عزائم کے لئے متحد ہو چکے ہیں ۔ قومی سلامتی کے اداروں پر کیچڑ اچھال رہے ہیں ۔ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف زہر افشانی کر رہے ہیں۔ عدالتی بھگوڑے اور نااہل سیاست دان سمیت سابق اسپیکر قومی اسمبلی کے بیانات کی پرزور مزمت کرتا ہوں۔ یہ وہی لوگ ہیں جو  کرپٹ اور قومی لوٹ مار میں برابر کے شریک ہیں۔ ایم پی اے غیاث الدین بولے میں نے حلقہ کے عوام کے مسائل کے حل کے لئے حکومت پنجاب کے موجودہ وزیراعلی سے ملاقات کی ۔ ملاقات کرنے پر مسلم لیگ کی قیادت کی جانب سے شوکاز نوٹس کیے گئے۔ پارٹی عہدیدران ورکرز کی رکنیت کو منسوخ کرنے کا استحقاق نہیں رکھتے ۔ تین بار وزیر اعظم رہنے والے نواز شریف کا قومی سلامتی کے خلاف بیان انکے بیمار ذہنی سوچ کی عکاسی ہے۔ یہ کرپٹ لوگ بھارتی اور صیہونی ایجنڈا پر کام کر رہے ہیں۔ جب یہ لوگ اقتدار میں ہوں تو اداروں کی تعریفیں کرتے نہیں تھکتے۔ غیاث الدین نے کہا مسلم لیگ ن سے اڑنے والے پرندوں سے متعلق سب کچھ جانتا ہوں  مگر میں ان کا نام بتا کر ان منسٹرز کی مشکلات میں اضافہ نہیں کرنا چاہتا۔ مسلم لیگ ن کو مکمل طور پر ہائی جیک کر لیا گیا ہے اور پارٹی کے تمام عہدے شریفین  کے عزیز و اقارب میں ہی بانٹ کر موروثی سیاست کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ اسلام عورت کی  حکمرانی کے خلاف ہے یہ بات مولانا فضل الرحمن نے بھی کہی۔