Thursday, April 25, 2024

نون لیگ کی فنڈنگ میں 45 کروڑ روپے کا ڈیٹا نہیں ملا، فرخ حبیب

نون لیگ کی فنڈنگ میں 45 کروڑ روپے کا ڈیٹا نہیں ملا، فرخ حبیب
October 28, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر مملکت اطلاعات فرخ حبیب نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا نون لیگ کی فنڈنگ میں 45 کروڑ روپے کا ڈیٹا نہیں ملا۔

الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن غیر ملکی فنڈنگ کی تحقیقات کے لیے سکروٹنی کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا، 2017 سے پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے اثاثوں کو چیک کرنے کی درخواست دی ہوئی ہے، عدالت کا فیصلہ تھا کہ سیاسی جماعتوں کے اثاثوں کی چھان بین کریں۔

انہوں نے کہا سیاسی جماعتیں اثاثوں کے بارے میں ریکارڈ الیکشن کمیشن میں جمع کرانے کی پابند ہیں 4 روز سے فنانشل ایکسپرٹ ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے اکاؤنٹس کا جائزہ لے رہی ہے ہماری ٹیم کے مطابق 45 کروڑ روپے کا ڈیٹا نہیں ملا۔

وزیر مملکت اطلاعات نے کہا 3 کروڑ روپے بھون داس نامی شخص نے دیئے، مریم نواز بتائیں بھون داس کون ہیں؟ کوئی رسیدیں ہیں یا پیسے فرشتے دے گئے؟۔ میاں صاحب اپنی ہی پارٹی کے چار کروڑ روپے لے کر چلے گئے، الیکشن ایکٹ پر عمل نہیں کیا گیا۔ ن لیگ اپنے جوابات الیکشن کمیشن میں کیوں جمع نہیں کرا رہی، ن لیگ کو ریکارڈ پیش کرنے سے بھاگنے نہیں دینگے۔

فرخ حبیب نے کہا کسی کو ریاست کو ڈکٹیٹ نہیں کرنے دیا جا سکتا، ناموس رسالتؐ کو وزیر اعظم نے عالمی فورم پر اجاگر کیا۔ تمام لوگوں کو ریاست کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔ جائز بات سننے کوتیارہیں، ضد اور ڈنڈے کے زور پر ہماری معذرت ہے۔