Monday, May 6, 2024

نون لیگ نے عمران خان کو قابو کرنے کیلئے شکنجہ تیار کر لیا

نون لیگ نے عمران خان کو قابو کرنے کیلئے شکنجہ تیار کر لیا
April 25, 2016
لاہور (92نیوز) حکومت نے پانامہ لیکس کی عدالتی تحقیقات سے پہلے ہی تحریک انصاف کو سخت جواب دینے کا فیصلہ کر لیا۔ عمران خان اور ان کے قریبی ساتھیوں کے گرد کاروباری اور مالی امور کی بنیاد پر گھیرا تنگ کرنے کے لیے حکمت عملی مرتب کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے یوم تاسیس پر ہونے والے جلسے میں عمران خان نے حکمرانوں کے خلاف چھکے لگائے تو حکومت نے بھی فاسٹ باولر میدان میں اتارنے کا فیصلہ کر لیا۔ حکمران جماعت نے تحریک انصاف کو سخت جواب دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے مخالفین کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا لائحہ عمل بنا لیا۔ حکومت کے نشانے پر عمران خان کے قریبی ساتھی اور تحریک انصاف کے قائدین ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق عدالتی کمیشن کے قیام سے قبل اہم پی ٹی آئی رہنماوں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا جبکہ اندرون و بیرون ملک ان کے کاروبار اور مالی امور کی تفصیلات بھی جمع کرنا شروع کر دی گئی ہیں۔ تحریک انصاف کے قائد عمران خان کے اثاثوں، دیگر مالی امور اور طرززندگی میں تضاد سامنے لانے کے لیے بھی تحقیقات کی جائیں گی۔ کپتان کے ذرائع آمدن کیا ہیں ؟ وہ اخراجات کہاں سے کر رہے ہیں اور ٹیکس کتنا ادا کرتے ہیں تمام معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے اہم رہنماوں سے متعلق ای او بی آئی کے مقدمات، قومی بینکوں سے قرضوں کی مبینہ معافی کے معاملات اور رئیل اسٹیٹ کے مختلف اسکینڈلز کی تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق عدالتی کمیشن کے آغاز پر ہی تحریک انصاف کے رہنماو?ں کی مبینہ کرپشن کو سامنے لایا جائے گا اور کرپشن کی کہانیاں منظرعام پر لانے کے بعد معاملہ عدالتی کمیشن کے سپرد کر دیا جائے گا۔