Thursday, April 18, 2024

نون اور جنون کا امتحان، پاکستان کی دو بڑی سیاسی جماعتوں کا انتخابی دنگل سر پر آن پہنچا، تیاریاں عروج پر

نون اور جنون کا امتحان، پاکستان کی دو بڑی سیاسی جماعتوں کا انتخابی دنگل سر پر آن پہنچا، تیاریاں عروج پر
December 20, 2015
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) پاکستان کی دو بڑی سیاسی جماعتوں کا انتخابی دنگل سر پر آن  پہنچا۔ مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف بدھ کو ہونے والے ضمنی انتخاب جیتنے کے لئے سر دھڑ کی  بازی  لگا رہی ہیں۔ بڑے مقابلے سے پہلے عمران خان اور حمزہ شہباز شریف کل لودھراں میں عوامی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کریں گے۔ این اے  ایک سو چون  کے ضمنی انتخابات میں صدیق بلوچ کا شیر دھاڑے گا یا جہانگیر ترین کا بلا گھومے گا؟؟؟ دونوں امیدوار انتخابی  معرکہ سر کرنے کے لئے ایڑھی چوٹی کا زور لگانے لگے۔ تئیس دسمبر کے دنگل کے لئے لودھراں میں دونوں جماعتوں کی تیاریاں عروج پر پہنچ  گئی ہیں۔ حمزہ شہباز شریف پیر کو صدیق بلوچ کی حمایت میں جلسہ عام کریں گے تو عمران خان بھی جہانگیر ترین کے لئے بڑے اجتماع سے خطاب کریں گے۔ انتخابی مہم پیر کی رات بارہ  بجے ختم ہو رہی ہے۔ اس سے پہلے دونوں امیدوار عوام کی زیادہ سے زیادہ حمایت حاصل کرنے کی تگ ودو کر رہے ہیں۔ جہانگیر ترین نے اس سلسلے میں  لودھراں میں  جلسہ بھی کیا جس میں انہوں نے حکمرانوں کو شدید  تنقید کا نشانہ بنایا۔ ادھر لودھراں کے ضمنی انتخاب میں ایم  کیو ایم نے نون لیگ اور جماعت اسلامی نے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت  کا اعلان کر دیا ہے۔