Thursday, April 25, 2024

نومنتخب لندن میئر صادق خان امریکا داخلے کی پابندی سے مستثنیٰ ہیں: ٹرمپ

نومنتخب لندن میئر صادق خان امریکا داخلے کی پابندی سے مستثنیٰ ہیں: ٹرمپ
May 10, 2016
نیویارک (ویب ڈیسک) امریکا کی ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ان کے صدر منتخب ہونے کے بعد مسلمانوں کے امریکا داخلے پر عارضی پابندی سے لندن کے نومنتخب مسلمان مئیر صادق خان کو استثنیٰ حاصل ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی اخبار کو انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں صادق خان کے لندن میئر منتخب پر خوشی ہوئی۔ کئی لوگ امریکا داخلے کی پابندی سے مستثنیٰ ہونگے۔ واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ برس پیرس اور کیلیفورنیا میں دہشت گردی کے واقعات کے بعد مسلمانوں کے امریکا داخلے پر عارضی پابندی عائد کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔ اس بیان کے بعد ٹرمپ کو دنیا بھر سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا حتیٰ کو خود ان کی سیاسی جماعت ریپبلکن نے ان کی تجویز کو فرقہ وارانہ اور امریکی روایات کے خلاف قرار دیا تھا۔ دوسری جانب لندن کے نومنتخب مسلمان میئر صادق خان نے ٹرمپ کی جانب سے انہیں امریکا داخلے پر استثنیٰ دینے کے بیان کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ پیشکش صرف میرے لیے نہیں بلکہ میری فیملی‘ دوست اور ہر وہ شخص جو مجھ جیسا پس منظر رکھتا ہے اسے استثنیٰ حاصل ہونا چاہیے۔ انہوں نے ٹرمپ کو متنبہ کیا کہ ان کے اسلام کے بارے غیر ذمہ دارانہ بیانات دونوں ممالک کو غیرمحفوظ بنا دیں گے۔