Sunday, September 8, 2024

نومنتخب بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھا لیا‘ پنجاب اور سندھ میں تقاریب

نومنتخب بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھا لیا‘ پنجاب اور سندھ میں تقاریب
January 14, 2016
لاہور (92نیوز) ملک کے مختلف حصوں سے کامیاب ہونے والے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں نے حلف اٹھا لیا۔ اس سلسلے میں تقاریب منعقد کی گئیں۔ کہیں بدنظمی کا راج رہا تو کہیں نمائندے ہی تاخیر سے پہنچے۔ تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں سے کامیاب بلدیاتی نمائندوں نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ پنجاب اور سندھ میں ہونے والی ان تقاریب میں عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔ ریٹرننگ افسروں نے نو منتخب بلدیاتی نمائندوں سے ملک سے وفاداری‘ گڈگورننس اور لوکل آرڈیننس 2013ءکے مطابق ذمہ داریوں کی ادائیگی اور حکومتی پالیسیوں پر مکمل عملدرآمد کرنے کا حلف لیا۔ لاہور میں تقریب کے دوران خواجہ احمد حسان سمیت دیگر منتخب نمائندوں نے عہدے کا حلف لیا۔ راولپنڈی کے دو ہزار سے زائد نومنتخب بلدیاتی نمائندوں نے بھی حلف اٹھایا۔ تقریب حلف برداری تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کے دفتر میں ہوئی۔ فیصل آباد میں کامیاب ہونے والے نمائندوں کی حلف برداری کی تقریبات ریٹرننگ افسروں کے دفاتر سمیت ٹی ایم ایز میں منعقد کی گئیں۔ ملتان میں 185 نومنتخب بلدیاتی ارکان نے حلف اٹھا لیا۔ ضلع کونسل سمیت مختلف مقامات پر حلف برداری کی تقریبات منعقد کی گئیں جس میں 26 ریٹرننگ افسران نے 185 بلدیاتی ارکان سے حلف لیا۔ اسی طرح سندھ کے مختلف اضلاع میں منتخب بلدیاتی ارکان سے حلف لیا گیا۔ کئی مقامات پر تقاریب بدنظمی کا بھی شکار ہوئیں۔ کہیں عوامی نمائندے ہی تاخیر سے پہنچے۔ سندھ اور پنجاب میں اس موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے۔