Friday, April 26, 2024

نومسلم لڑکیوں کے تحفظ کی انٹرا کورٹ اپیل قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ

نومسلم لڑکیوں کے تحفظ کی انٹرا کورٹ اپیل قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ
May 27, 2019
اسلام آباد (92 نیوز)اسلام آباد ہائی کورٹ میں سندھ کی دو نومسلم لڑکیوں کے تحفظ کی انٹرا کورٹ اپیل کے  قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا گیا۔ اسلام آباد ہائی کورٹ میں نومسلم لڑکیوں غلام عائشہ اور دعا فاطمہ کے تحفظ کی انٹرا کورٹ اپیل کی  گئی ، اپیل کی سماعت جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کی۔ دونوں نو مسلم لڑکیاں اپنے شوہروں کے ساتھ عدالت میں پیش ہوئیں، جسٹس محسن اختر کیانی نے استفسار کیا کہ آپ نے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیوں نہیں کیا، جس پر  لڑکیوں کے وکیل کا کہنا تھا وہاں  ان کا پیچھا  ہو رہا ہے، جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہیں اور ہراساں کیا جا رہا ہے۔ جسٹس محسن اختر کیانی  نے ریماکس دیے کہ کیا سندھ والے اتنے نا اہل ہو گئے ہیں کہ جان کا تحفظ نہیں دے سکتے؟۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژنل بینچ نے غلام عائشہ اور دعا فاطمہ کی انٹرا کورٹ اپیل کے قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔ اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس ، جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل سنگل بنچ نے سندھ ہائیکورٹ کا دائرہ اختیار قرار دے کر تحفظ کی درخواست خارج کر دی تھی۔