Thursday, May 2, 2024

نوشہروفیروز میں ریلوے ٹریک کی اپ سائیڈ کو بحال کر دیا گیا

نوشہروفیروز میں ریلوے ٹریک کی اپ سائیڈ کو بحال کر دیا گیا
May 18, 2019

 نوشہروفیروز (92 نیوز) نوشہروفیروز میں اٹھارہ گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے بعد ریلوے ٹریک کی اپ سائیڈ کو بحال کردیا گیا۔ لاہور کیلئے شالیمار اور حویلیاں کیلئے ہزارہ  ٹرین روانہ  کر دی گئی۔

 ریلوے حکام کے مطابق ٹریک کی مکمل بحالی کیلئے امدادی کاروائیاں جاری رہیں گی اور جلد ہی ڈاؤن ٹریک کو بھی بحال کر دیا جائیگا۔ اپ ٹریک کو بحال کرنے میں اٹھارہ گھنٹے سے زائد وقت لگا ۔

 پڈعیدن سے لاہور کیلئے شالیمار ٹرین اور حویلیاں کیلئے ہزارہ ایکسپریس ٹرین کو روانہ کردیا گیا ہے۔ ریلوے کیجانب سے مسافروں کو متبادل ذرائع کے ذریعے سے دیگر اسٹیشنوں پر پہنچا کر اپنی منزل کیجانب روانہ کیا گیا تھا۔

 کراچی سے پنجاب جانے والی مال گاڑی کی تمام بوگیاں پڈعیدن کے قریب پٹری سے اتر گئیں تھیں اور کنٹینرز  گرنے کے باعث ٹریک دونوں اطراف سے بلاک ہو گیا تھا۔

 ترجمان ریلوے کے مطابق حادثہ رات دو بج کر بائیس منٹ پرپیش آیا، تین کنٹینر ویگنیں الٹ گئیں اور چھ ٹریک پر گرگئیں۔ واقعہ میں کوئی جانی اور مالی نقصان نہیں ہوا۔  حادثے کے بعد مسافر ٹرینوں کو مختلف اسٹیشنز پر روک لیا گیا تھا۔ لاہور جانے والی گرین لائن کو پڈعیدن، کراچی جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس کو محراب پور، خیبرمیل کو باندھی، سکھر ایکسپریس کو نواب شاہ، ملت ایکسپریس کو رانی پور اور تیزگام کو گمبٹ اسٹیشن پر روکا گیا تھا۔