Thursday, May 9, 2024

نوشہرو فیروز میں قتل ہونے والا صحافی عزیز میمن محراب پور میں سپرد خاک

نوشہرو فیروز میں قتل ہونے والا صحافی عزیز میمن محراب پور میں سپرد خاک
February 17, 2020
 نوشہروفیروز (92 نیوز) نوشہرو فیروز میں قتل ہونے والے صحافی عزیز میمن کو محراب پور میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ قتل کا مقدمہ دوسرے دن بھی درج نہیں ہو سکا۔ نمازجنازہ میں سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید ظفر علی شاہ، رکن سندھ اسمبلی سید سرفراز حسین شاہ سمیت  سیاسی رہنمائوں اور صحافیوں سمیت  شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ادھر حدود کا تنازع قتل کیس کے اندراج میں رکاوٹ میں بن گیا۔ ایس ایس پی نوشہروفیروز ڈاکٹر محمد فاروق کہتے ہیں قتل ضلع خیرپور میں سیٹھارجہ تھانے کی حدود میں ہوا جبکہ لاش محراب پور تھانے کی حدود میں نہر سےملی جہاں واقعہ ہوا مقدمہ بھی وہیں داخل کیا جائیگا۔ دوسری جانب صوبائی وزیر سعید غنی اور ضیاالحسن لنجار مقتول کے گھر پہنچ گئے اور ورثا کو ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ مقتول کے بھائیوں کا کہنا ہے کہ عزیز میمن صوفی طبیعت کے مالک تھے، محراب پور کے لوگ ان سے بہت محبت کرتے تھے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عزیز میمن کو صحافتی ذمے داریوں کی ادائیگی کے دوران دھمکیاں ملتی رہتی تھیں۔ صحافیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہید صحافی عزیز میمن کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے ورنہ پاکستان بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع کیا جائیگا۔