Wednesday, April 24, 2024

نورو ہیٹو جاپان کے باضابطہ طور پر شہنشاہ بن گئے

نورو ہیٹو جاپان کے باضابطہ طور پر شہنشاہ بن گئے
October 22, 2019
ٹوکیو (92 نیوز)جاپان کے نئے شہنشاہ نورو ہیٹو باضابطہ طور تخت نشین ہوگئے ، جان نشینی کی روایتی تقریب میں 180 سے زائد ممالک کے رہنما اور شاہی خاندان کے افراد شریک ہوئے۔ جاپان میں نئے شہنشاہ نورو ہیٹو کی تقریب تخت نشینی ہوئی ۔ برستے بادلوں کے دوران صدیوں پرانی روایتی تقریب کا اہتمام ٹوکیو کے امپیریل پیلس میں  کیا گیا۔ تقریب کا آغاز جامنی پردوں کے ہٹانے سے کیا گیا ، جن کے پیچھے ساڑھے چھ میٹر بلند تخت پر نئے شہنشاہ نوروہیٹو روایتی لبادہ پہنے موجود تھے ، جس کے ساتھ والے نسبتاً چھوٹے تخت پر 55 سالہ ملکہ مسکاکو کھڑی تھیں۔ نورو ہیٹو نے قدیم کاغذ پر لکھی تحریر پڑھ کر اپنی تخت نشینی کا اعلان کیا ، جس کی توثیق وزیراعظم شینزو ایبے نے کی ، جنھوں نے ہاتھ بلند کرکے نئے شہنشاہ کو لمبی عمر اور سلامتی کی دعائیں دیں۔ اس موقع پر شہنشاہ نورو ہیٹو کو توپوں کی سلامی دی گئی ، دس روز قبل آنے والے خوفناک طوفان ہیگی بیز کے باعث تخت نشینی کی تقریب سادہ رکھی گئی تھی جس میں 180 سے زائد ممالک کے رہنماؤں اور نمائندوں سمیت دو ہزار افراد شریک تھے۔ جاپان میں شہنشاہ کے تا دم مرگ تخت نشین رہنے کی روایت ہے ، جسے سابق شہنشاہ اکی ہیٹو نے توڑتے ہوئے تخت سے دستبرداری اختیار کرلی تھی، جس کی وجہ ان کی گرتی صحت بیان کی جاتی ہے۔