Thursday, April 25, 2024

نور مقدم قتل کیس میں مدعی مقدمہ شوکت مقدم کو نوٹس جاری

نور مقدم قتل کیس میں مدعی مقدمہ شوکت مقدم کو نوٹس جاری
October 15, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے نور مقدم قتل کیس میں مدعی مقدمہ شوکت مقدم کو نوٹس جاری کردیا۔ فریقین سے 20 اکتوبر تک جواب طلب کرلیا گیا۔ ٹرائل روکنے کی درخواست پر بھی شوکت مقدم کو نوٹس جاری کردیا گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والدین کی ٹرائل کورٹ کے سات اکتوبر کے فیصلے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ وکیل درخواستگزار نے عدالت کو بتایا کہ ابھی تک سی سی ٹی وی فوٹیج، فرانزک رپورٹ اور دیگر شواہد فراہم نہیں کئے گئے۔ کل عدالت نے فرد جرم عائد کردی ہے۔ 20 اکتوبر کو ٹرائل کورٹ میں شہادتیں قلمبند ہونگی، 20 اکتوبر کو کیس سماعت کے لیے مقرر نہ کریں۔

عدالت نے مدعی مقدمہ شوکت مقدم کو نوٹس جاری کرتے ہوئے فریقین سے بیس اکتوبر تک جواب طلب کرلیا۔ شوکت مقدم کے وکیل شاہ خاور نے کمرہ عدالت میں جواب طلبی کا نوٹس وصول کیا۔ ٹرائل روکنے کی درخواست پر بھی شوکت مقدم کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والدین ذاکر جعفر اور عصمت آدم جی اس وقت اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔