Thursday, May 9, 2024

نور مقدم قتل کیس، ملزم ظاہر جعفر کے والدین اور ملازمین جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

نور مقدم قتل کیس، ملزم ظاہر جعفر کے والدین اور ملازمین جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
July 27, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) نور مقدم قتل کیس میں مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والدین اور دو ملازمین کو عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے ملزموں کو جوڈیشل ریمانڈ پر 10 اگست تک جیل بھیج دیا۔ ملزمان کے وکیل کی مقدمہ خارج کرنے کی استدعا منظور نہ ہوئی۔

اسلام آباد کی مقامی عدالت کے جج شعیب اختر نے نور مقدم قتل کیس کے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والدین اور ملازمین کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

پولیس نے مرکزی ملزم کے والدین ذاکر جعفر اور عصمت آدم کے علاوہ دو ملازمین افتخار اور جمیل کو سخت سکیورٹی میں عدالت پیش کیا اور بتایا کہ چاروں ملزمان سے تفتیش مکمل کرلی ہے استدعا ہے کہ چاروں کو جوڈیشل کردیا جائے۔

اس موقع پر عدالت نے وکلاء سے استفسار کیا کہ پولیس نے جوڈیشل کی استدعا کی ہے کیا آپ دلائل دیں گے؟ جس پر وکلاء نے کہا کہ نہیں اگر جوڈیشل ریمانڈ پر بھیج رہے ہیں تو ہم کوئی دلائل نہیں دیں گے۔ عدالت نے چاروں کو جوڈیشل کرتے ہوئے10  اگست کو دوبارہ عدالت پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

اس موقع پر ملزمان کے وکیل راجہ رضوان عباسی نے کہا کہ آپ ملزمان کو مقدمہ سے ڈسچارج کریں، جس پر عدالت نے کہا کہ اب تو ہم جوڈیشل ریمانڈ کا حکم دے چکے ہیں۔ وکیل نے کہا کہ آپ میری استدعا بھی اپنے حکم نامہ میں لکھ دیں، اس پر عدالت نے کہا کہ ٹھیک آپ کی استدعا بھی تحریری حکم نامہ میں لکھ دیتے ہیں۔

وکیل نے استدعا کی کہ میں نے اپنے کونسل ذاکر جعفر اور ان کی اہلیہ سے ملاقات کرنی ہے، اس پر عدالت نے کہا کہ ٹھیک ہے دونوں میاں بیوی ملزمان کو کمرہ عدالت میں لے آئیں، بعدازاں عدالتی ہدایت پر کمرہ عدالت میں وکیل نے ملزمان سے ملاقات کی۔