Wednesday, April 24, 2024

نور مقدم قتل کیس، عدالت کا ملزم ظاہر جعفر کے والدین کی درخواست ضمانت پر دوبارہ نوٹس

نور مقدم قتل کیس، عدالت کا ملزم ظاہر جعفر کے والدین کی درخواست ضمانت پر دوبارہ نوٹس
September 13, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے نور مقدم قتل کیس میں ملزم ظاہر جعفر کے والدین ذاکر جعفر اور عصمت ذاکر کی درخواست ضمانت پر دوبارہ نوٹس لے لیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں مرکزی ملزم کے والدین کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ ذاکر جعفر کی جانب سے خواجہ حارث اور عصمت ذاکر کی جانب سے ایڈووکیٹ شاہ خاور عدالت میں پیش ہوئے۔

ایڈووکیٹ شاہ خاور نے عدالت کو بتایا کہ مدعی شوکت مقدم کی جانب سے پاور آف اٹارنی آج جمع کرا دوں گا۔ تھراپی ورکس والوں کی ضمانت منسوخی درخواست بھی ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ عدالت مناسب سمجھے تو اس درخواست کو بھی اس کے ساتھ یکجا کر کے سماعت کرے۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ ضمانت منظور اور منسوخ کرنے کے اصول مختلف ہیں۔ ہم دونوں درخواستوں کو الگ الگ سنیں گے ۔ایڈووکیٹ خواجہ حارث نے عدالت کوبتایا کہ اگر شاہ خاور کا پاور آف اٹارنی داخل نہ ہونے کی وجہ سے سماعت ملتوی ہونی ہے تو کل تک ملتوی کریں۔ عدالت نے شاہ خاور کو وکالت نامہ داخل کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 15 ستمبر تک ملتوی کر دی۔

سماعت سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر نور مقدم کے قتل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا۔ مقتولہ کے والد شوکت مقدم بھی احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئے۔ شرکاء نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔