Friday, April 26, 2024

نور مقدم قتل کیس، تین نومبر کو شہادت کے لیے مزید گواہ طلب

نور مقدم قتل کیس، تین نومبر کو شہادت کے لیے مزید گواہ طلب
October 30, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) نور مقدم قتل کیس میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے تین نومبر کو شہادت کے لیے مزید گواہ طلب کر لئے۔

ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی نے نور مقدم کیس کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔ عدالتی حکم نامہ میں کہا گیا کہ ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق ملزمان کے وکلا کو 161 کے بیانات اور دیگر دستاویزات فراہم کیں ۔ ملزمان کے وکلا کو پراسیکوشن کے ساتھ بیٹھا کر دستاویزات فراہم کیں۔ اب مزید کوئی اعتراض نہیں ۔ یہ جنڈر بیسڈ وائلنس کا کیس ہے دوسرا ہائی کورٹ کی دو ماہ میں نمٹانے کی ہدایت بھی ہے۔

حکم نامہ میں کہا گیا کہ ملزمان کی ویڈیو لنک کے ذریعے جیل سے حاضری لگوانے میں کوئی قانونی رکاوٹ نہیں۔ گواہ عابد لطیف، بشارت رحمان اور اقصی رانی نے بیانات قلمبند کیے جرح مکمل ہو چکی ہے۔ پراسیکوشن تین نومبر کو مزید گواہ بھی گواہی کے لیے عدالت کے سامنے پیش کرے ۔ سماعت کی تاریخ ملزمان کے وکلا کی مرضی سے رکھی گئی ہے۔