Sunday, May 19, 2024

نوجوت سنگھ نے وطن واپس جا کر پاکستان اور عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے

نوجوت سنگھ نے وطن واپس جا کر پاکستان اور عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے
August 19, 2018
نیو دہلی (92 نیوز) وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کرنیوالے سابق بھارتی کرکٹ سٹار نوجوت سنگھ کو ایک طرف بھارتی میڈیا نے آڑے ہاتھوں لے رہا ہے تو دوسری طرف نوجوت سنگھ سدھو نے وطن واپس جا کر پاکستان اور عمران خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔ سابق بھارتی کرکٹ سٹارنوجوت سنگھ سدھو عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے آئے تو دوگنی محبتیں لےکر لوٹے۔ وطن واپس جا کر بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیا۔ بھارتی اینکر کی جانب سے تو بڑے تیکھے سوال پوچھے گئے لیکن نوجوت سنگھ نے اصل صورت حال بیان کی تو بھارتی اینکر کو چپ سادھ گئی۔ نوجوت نےکہا تقریب میں شرکت ایک شاندار یادگار رہے گی۔ حلف برداری کے دوران عمران خان کی گھبراہٹ کا تذکرہ ہوا تو  نوجوت نے  کہا عمران خان حلف برداری کےدوران ہمیشہ کی طرح پراعتماد تھے۔ میزبانی کا سوال ہوا توانہوں نے کہا کہ عمران خان میرے پاس آئے اور شرکت کا شکریہ ادا کیا،عمران خان نے بڑے بھائیوں کی طرح مجھے شاباش کہا اس دوران انھوں نے شاعری کا جادو بھی جگایا اور کہا یہ دن خاص تھا۔ بات ہوئی آرمی چیف سے ملنے کی تو اینکر نے پوچھا جناب آرمی چیف سے کیا باتیں ہوئیں نوجوت سنگھ نے کہا پاکستانی آرمی چیف نے مجھ سے کہا کہ نوجوت ہم دونوں ممالک کے درمیان امن چاہتے ہیں۔