Thursday, April 25, 2024

نوجوانی میں باقاعدہ ورزش کرنیوالی خواتین بڑھاپے میں بیماریوں سے محفوظ رہتی ہیں: تحقیق

نوجوانی میں باقاعدہ ورزش کرنیوالی خواتین بڑھاپے میں بیماریوں سے محفوظ رہتی ہیں: تحقیق
August 1, 2015
لاہور (92نیوز) محققین نے انکشاف کیا ہے کہ ایسی خواتین جو اپنی نوجوانی میں سپورٹس یا ورزشی سرگرمیوں میں باقاعدہ حصہ لیتی رہی ہیں وہ نہ صرف اپنی زندگی میں دیرپا فوائد حاصل کرتی ہیں بلکہ ان میں کینسر اور قبل از وقت موت کا باعث بننے والی دیگر بیماریوں سے بھی محفوظ رہنے کی زیادہ قوت ہوتی ہے۔ یہ نتائج ایک سٹڈی رپورٹ میں سامنے آئے ہیں۔ محققین نے اپنی تحقیق کے دوران مشاہدہ کیا کہ ایسی خواتین جنہوں نے اپنی نوجوانی میں ایک ہفتے میں ڈیڑھ گھنٹہ صحت مندانہ سرگرمیوں میں حصہ لیا انہوں نے بڑھاپے میں اس کے مثبت اثرات کو محسوس کیا۔ ساراجے نشوٹا، جو نیشوائل (امریکی ریاست تینیزی کا دارالحکومت) کے وینڈربلٹ ایپی ڈیمیالوجی سنٹر اور وینڈربلٹ انگرام کینسر سنٹر میں میڈیسن کی اسسٹنٹ پروفیسر ہیں، نے اپنی تحقیق میں سب سے نمایاں جو بات عیاں کی ہے وہ یہ ہے کہ نوجوانی میں ورزش سے ادھیڑعمر سے بڑھاپے تک موت کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایسی خواتین جو اپنی نوجوانی میں ایکٹو رہیں ان میں 16فیصد کینسر اور 15فیصد دیگر امراض میں مبتلا ہونے کا خطرہ کم پایا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہمارے نتائج ورزش کی عادات اپنانے پر زور دیتے ہیں کیونکہ اس سے آپ قبل از وقت موت سے بچ سکتے ہیں۔ یہ تحقیق ”کینسر ایپی ڈیمیالوجی بائیومارکرز اینڈ پری وینشن“ جرنل میں چھپی ہیں۔ اس رپورٹ کے نتائج کو مرتب کرنے کیلئے 75ہزار خواتین کے اعدادوشمار کو بنیاد بنایا گیا ہے۔ جن 75ہزار خواتین پر تحقیق کی گئی ان کی عمریں 40سے 70برس کے درمیان تھیں اور ان پر 1996ءسے 2000ءتک تحقیق کی گئی۔