Tuesday, April 23, 2024

نئی برطانوی شہزادی کو شہریت کیلئے 5سال انتظار کرنا ہوگا

نئی برطانوی شہزادی کو شہریت کیلئے 5سال انتظار کرنا ہوگا
May 21, 2018
لندن( 92 نیوز) برطانوی شہزادہ ہیری اور میگھن مارکل کی شادی ہو چکی لیکن نوبیاہتا دلہن کو برطانوی شہریت حاصل کرنے کیلئے پانچ سال تک کا انتظار کرنا ہوگا۔ برطانیہ کے عام شہری ہوں یا پھر شاہی خاندان قوانین سب کیلئے برابر ہیں ، شہزادہ ہیری سے شادی اور ڈچز آف سسکس کا اعزاز ملنے کے باوجود امریکی شہری میگھن مارکل کو برطانوی شہریت نہیں ملی اور اس کے لئے انہیں پانچ سال تک انتظارکرنا ہوگا۔ نومبر 2017میں منگنی کے اعلان کے ساتھ ہی  کین سنگٹن پیلس نے واضح کردیا تھا کہ میگھن کو برطانوی شہریت حاصل کرنے کیلئے انہی قوانین و ضوابط سے گزرنا ہوگا جن سے ایک عام شہری گزرتا ہے۔ برطانوی شہریت کے حصول کیلئےضروری ہے کہ درخواست گزار کی عمر 18 سال سے زائد ہو،وہ خودمختار ہو اور سنگین مجرمانہ ریکارڈ نہ رکھتاہو، درخواست گزار درخواست دینے سے قبل کم ازکم تین سال تک برطانیہ میں مقیم رہاہو  اور کسی بھی امیگریشن قانون کی خلاف ورزی نہ کی ہو۔ ان سب مراحل سے گزرنے کے بعد ہی میگھن برطانوی شہریت حاصل کرسکیں گی۔