Friday, April 19, 2024

نواک جوکووچ نے فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

نواک جوکووچ نے فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی
October 8, 2020

پیرس ( 92 نیوز) سربیا کے اسٹار ٹینس پلیئر نواک جوکووچ نے فرنچ اوپن کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ،سربیئن اسٹار نے اسپین کے پابلو کیرینو بسٹا کو ایک کے مقابلے میں تین سیٹس سے شکست دی ۔ یونان کے اسٹیفنوس نے آندرے روبلف کو شکست دے کر فائنل فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

فرنچ اوپن  ٹینس میں کوارٹر فائنل مرحلے کے مقابلے مکمل ہو گئے ، سربیا کے ٹینس اسٹار نواک جوکووچ  اور یونان کے اسٹیفنوس نے سیمی فائنل مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔

عالمی نمبر ایک ٹینس پلیئر جوکووچ کوارٹر فائنل میں اسپین کے پابلو کیرینو بسٹا کے مد مقابل ہوئے  ،اسپینش کھلاڑی کا آغاز اچھا رہا ، اس نے پہلا سیٹ چھ، چار سے اپنے نام کیا ۔ تاہم جوکووچ نے دوسرے سیٹ سے میچ میں کم بیک کیا اور حریف کھلاڑی کو سنبھلنے کا موقع نہ دیا اور لگاتار تین سیٹس جیت کر فائنل فور مرحلے کا ٹکٹ کٹوا لیا۔

دوسرے کوارٹر فائنل میں یونان کے اسٹیفنوس اور روس کے  آندرے  روبلف آمنے سامنے ہوئے ،اسٹیفنوس نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے  اسٹریٹ سیٹس سے کامیابی سمیٹی۔ ایونٹ کے فائنل فور مرحلے کیلئے مقابلے کل ہوں گے۔