Tuesday, April 23, 2024

نواز،مریم اورصفدرکی پیرول پر رہائی کی مہلت آج سہ پہر4 بجے ختم ہو جائیگی

نواز،مریم اورصفدرکی پیرول پر رہائی کی مہلت آج سہ پہر4 بجے ختم ہو جائیگی
September 17, 2018
لاہور( 92 نیوز) نواز شریف، مریم نواز اور محمد صفدر کی پیرول پر رہائی کی 5 روزہ مہلت آج سہ پہر 4 بجے ختم ہو جائے گی ، اڈیالہ جیل کے تینوں قیدیوں کو خصوصی طیارے کے ذریعے لاہور سے راولپنڈی لے جایا جائے گا۔ اڈیالہ جیل کے تین قیدیوں کی پیرول پر رہائی کی 5روزہ مدت آج سہ پہر4بجے ختم ہو  جائے گی  ۔نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز  اور داماد  محمد صفدر کو بیگم کلثوم نواز کی تجہیز وتکفین میں شرکت کے لیےبدھ کے روز پیرول پر  رہا کیا گیا تھا۔ ابتدائی طور پر یہ رہائی صرف 12گھنٹے کے لیے تھی ، جبکہ نواز شریف کے بھائی اور نون لیگ کے صدر شہباز شریف نے 5 روزہ پیرول رہائی کی درخواست کی تھی۔ تاہم مدت رہائی میں توسیع کی سمری سیکرٹری داخلہ نسیم نواز نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو منظوری کے لیے بھیجی جس پرقوانین میں نرمی کرکےوزیرِ اعلیٰ پنجاب، گورنر پنجاب اورصوبائی کابینہ نےمحکمہ داخلہ کو رہائی کی مدت 17 ستمبر تک بڑھانے کے احکامات جاری کیے۔ پیرول پر رہائی کے مدت کے دوران  جاتی امرا پیلس کے ایک حصے کو سب جیل قرار دیا گیا تھا ، جس کے باہرپنجاب پولیس کے جوان تعینات  کیے گئے۔ پیرول پر رہائی کے مدت ختم ہونے کے بعد اسیرانِ اڈیالہ کی واپسی کا سفر شروع ہو گا۔ ذرائع کہتے ہیں کہ ناخوشگوار صورتِ حال سے بچنے کے لیےتینوں قیدیوں کو سڑک کی بجائے بذریعہ ہیلی کاپٹر لاہور ایئر پورٹ پہنچائے جانے کا امکان ہے جہاں سے خصوصی طیارے میں انہیں راولپنڈی اور پھر اڈیالہ جیل  لے جایا جائے گا۔