Thursday, May 9, 2024

نوازشریف گولی دے کر باہر جانے میں کامیاب ہوئے جس کا عمران خان کو بھی دکھ ہے ، شیخ رشید

نوازشریف گولی دے کر باہر جانے میں کامیاب ہوئے جس کا عمران خان کو بھی دکھ ہے ، شیخ رشید
June 6, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے نوازشریف گولی دے کر باہر جانے میں کامیاب ہوئے جس کا عمران خان کو بھی دکھ ہے۔

اسلام آباد میں سی ڈی اے میڈیکل سینٹر جی 9 مرکز میں ویکسی نیشن سینٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا شہباز شریف کو ہم نے روک لیا اور نام ای سی ایل میں ڈالا۔ اتنی نااہل، نالائق اور بے کار اپوزیشن کبھی نہیں دیکھی۔ ان کے درمیان جوتیوں میں دال بٹ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کورونا وباء کے دوران ڈبلیو ایچ او نے زبردست کام کیا ۔ وزیر اعظم عمران خان نے بروقت درست فیصلے لئے۔ وزیر اعظم کی قیادت میں پوری قوم نے کورونا کا مقابلہ کیا اور تاریخ رقم کی ۔ پاکستان کے ہیلتھ کیئر سٹاف نے بہت بڑا کام کیا ۔

شیخ رشید نے کہا کہ چین نے ویکسین تیار کرنے میں ہماری مدد کی ۔ عوام میں اب ویکسی نیشن کا رجحان پیدا ہو رہا ہے۔ خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں ویکسی نیشن کا عمل بہتر ہے۔ بھارت میں نو ویکسین کا بورڈ لکھا ہے جبکہ پاکستان میں ویکسین وافر مقدار میں موجود ہے ۔ اسلام آباد میں کورونا کیسز میں بہت تیزی سے کمی آئی ہے ۔

بجٹ سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین دھڑے کے تمام ووٹ عمران خان کے  بجٹ کو پڑیں گے ۔ 11 جون کو بجٹ انشا اللہ ضرور پاس ہو گا۔ مزدوروں کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔