Thursday, March 28, 2024

نوازشریف کے پاس استعفیٰ دینے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں : پرویز اشرف

نوازشریف کے پاس استعفیٰ دینے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں : پرویز اشرف
April 26, 2016
لاہور (92نیوز) پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کی آرگنائزنگ کمیٹی نے کام شروع کر دیا۔ سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ نواز شریف کے پاس استعفا کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں۔ انہیں اب حساب دینا پڑے گا اور ہم ان سے حساب لیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وسطی پنجاب کے تنظیمی امور چلانے کیلئے بنائی گئی پی پی آرگنائزنگ کمیٹی کا پہلا اجلاس لاہور میں ہوا۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف نے تنظیمی امور پر بریفنگ دی۔ پاناما لیکس کا ذکر چھیڑا اور وزیراعظم نواز شریف پر حملوں کی بوچھاڑ کرتے ہوئے کہا کہ ابھی بہت کچھ آنا باقی ہے‘ نواز شریف استعفیٰ دیں کوئی حیلہ بہانہ نہیں چلے گا۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ دو اور دو چار کرنے کا وقت آ گیا ہے۔ نواز شریف تین کیا قوم سے تین سو خطاب بھی کریں تب بھی احتساب سے نہیں بچ سکتے۔ انہوں نے ملک کو تباہ کر دیا، وہ کہاں گئے جو لوڈشیڈنگ ختم نہ ہونے پر نام بدلنے کے دعوے کرتے تھے۔ راجہ پرویز اشرف نے وسطی پنجاب میں تنظیم اور رکنیت سازی کیلئے ضلعی سطح تک دوروں کا اعلان کیا اور کہا کہ وہ ناراض کارکنوں کے گھر جا کر انہیں منائیں گے اور تین ماہ کے اندر اپنا کام مکمل کریں گے۔