Thursday, April 25, 2024

نوازشریف کے ادوار اقتدار کی تفصیلات عدالت میں پیش

نوازشریف کے ادوار اقتدار کی تفصیلات عدالت میں پیش
January 5, 2017

اسلام آباد (92نیوز) پاناما لیکس کیس میں شریف خاندان کے وکیل نے تحریری جواب جمع کرا دیا ہے جس میں وضاحت کی گئی ہے کہ وزیراعظم کب کب کن کن عہدوں پر تعینات رہے۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں پاناماکیس میں وزیراعظم کے وکلا کی جانب سے عدالتی سوالوں کے جواب جمع کرا دیے۔

جن میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف 25اپریل 1981سے 28فروری 1985 تک وزیر خزانہ پنجاب رہے۔ وہ 9اپریل 1985سے 30مئی 1988تک وزیراعلیٰ رہے۔ نوازشریف 31مئی 1988سے 2دسمبر 1988 تک نگران وزیراعلیٰ کے عہدے پر رہے۔

وہ 2دسمبر 1988سے 6اگست 1990تک دوبارہ وزیراعلیٰ رہے۔ نواز شریف 6نومبر 1990سے 18اپریل 1993تک وزیراعظم رہے اور 18اپریل 1993کو ہی اسمبلی تحلیل کردی گئی۔ جواب میں مزید کہا گیا کہ 26مئی 1993کو قومی اسمبلی بحال کردی گئی۔

عدالت کو بتایا گیا کہ 17فروری 1997سے 12اکتوبر 1999تک نوازشریف دوبارہ وزیراعظم رہے اور 12اکتوبر 1999کو مارشل لا نافذ کردیا گیا جس کے بعد وہ 10دسمبر 2000میں جلاوطن ہوئے اور 26نومبر 2007کو ملک میں واپس آئے۔

عدالت عظمیٰ نے استفسار کیا کہ اس تحریری جواب کی کاپی تحریک انصاف کو دی گئی ہے؟ جس پر وزیراعظم کے وکیل نے جواب دیا کہ تحریری جواب کی کاپی تحریک انصاف کو بھی دے دی گئی ہے۔