Sunday, September 8, 2024

نوازشریف کے ذاتی محافظ کا نجی ٹی وی کے کیمرا مین پر تشدد،صحافیوں کا احتجاج

نوازشریف کے ذاتی محافظ کا نجی ٹی وی کے کیمرا مین پر تشدد،صحافیوں کا احتجاج
December 18, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) نواز شریف کے ذاتی محافظ نے  نجی ٹی وی کے کیمرا مین کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا جس پر کیمرا مین شدید زخمی ہو گیا ۔صحافیوں نے واقعے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے   منصب علی نامی گارڈ پولیس کے حوالے کر دیا ۔ ن لیگ کے اجلاس کے بعد نواز شریف پوری سج دھج سے نکلے آگے پیچھے ذاتی گارڈز کی فوج  تھی ، کوئی گاڑی کا دروازہ کھولنے پر مامور تو کوئی رستہ کلیئر کرانے میں مصروف تھا کہاسی دوران  نوز شریف کے لاؤ لشکر میں شامل ایک   بپھرا  ہوا  سکیورٹی گارڈ   نجی ٹی وی کے کیمرامین پر چڑھ دوڑا ۔ نواز شریف کا ذاتی محافظ دور سے  بھاگتا ہوا آیا  اور  کیمر امین  کے منہ پر  لات دے  ماری ،گارڈ نے اچھل کر کیمرا مین کے چہرے  کو نشانہ بنایا جس سے کیمرا مین بیہوش ہو گیا۔ نجی ٹی وی کا کیمرا مین جو  اپنی صحافتی ذمے داریاں نبھا رہا تھا ، اسے  گارڈز کا نواز شریف کی موجودگی میں  یوں تشدد کا نشانہ بنانا یقیناً کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے ۔ ظلم تو یہ  ہے کہ بے ہوش کیمرا مین کو دیکھ کر بھی نواز شریف نے رکنے کی زحمت گوارا  نہ کی ۔ کیمرا مین کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا  تو دوسرے صحافیوں نے گارڈ کو دھر لیا اور پارلیمنٹ کی سکیورٹی کے حوالے کر دیا جبکہ صحافیوں نے پارلیمنٹ کے باہر شدید احتجاج  کیا اور نعرے بازی بھی کی  ۔ دوسری طرف اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے نوٹس لیا اور آئندہ ارکان  کے ذاتی محافظوں کے اسمبلی میں داخلے پر پابندی عائد کردی۔