Saturday, April 20, 2024

نوازشریف کے دن گئے‘ کارکن بنی گالا پہنچیں: عمران خان

نوازشریف کے دن گئے‘ کارکن بنی گالا پہنچیں: عمران خان
October 30, 2016
اسلام آباد (92نیوز) عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف کے دن ختم ہو گئے۔ ایک درباری خود ہی قربانی کےلئے پیش ہو گیا‘ باقی بھی تیار ہیں۔ انہوں نے کہا اسلام آباد کو لاک ڈاون ہم نے کرنا تھا لیکن حکومت نے کر دیا۔ پولیس جو کر رہی ہے وہ غیرقانونی ہے۔ کپتان نے کھلاڑیوں کو کل بنی گالا بلا لیا۔ تفصیلات کے مطابق بنی گالہ کا درجہ حرارت صبح کے وقت ہی عروج کو پہنچ گیا۔ عمران خان کارکنوں سے ملاقات کے لیے رہائشگاہ سے باہر آئے۔ کارکنوں کی گرفتاریوں اور راستے روکنے پر حکومت پر خوب برسے۔ سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنے پر حکومت پربرستے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے۔ کنٹینرز کھڑے کرنا اور سیاسی کارکنوں کو پکڑنا توہین عدالت ہے۔ ہم اپنے حق کے لیے منگل کو سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔ عمران خان نے حکمرانوں کو للکارتے ہوئے مزید کہا وہ ایک شہری ہونے کے ناطے سے وزیراعظم سے کرپشن کے متعلق پوچھنے کا آئینی حق رکھتے ہیں۔ پولیس کو بتانا چاہتا ہوں کہ کارکنوں کو پکڑنا غیرقانونی ہے۔ ان کا کہنا تھا تمام کارکن کسی بھی طرح کل بنی گالا پہنچیں۔ پرویزخٹک بھی کارکنوں کوبتائیں کہ دو نومبر کے بجائے کل بنی گالا پہنچیں۔ کپتان آج نوشہرہ نہیں جائیں گے۔