Thursday, March 28, 2024

نوازشریف کے جیل سیل سے اے سی اتارنے کا معاملہ، شہبازشریف کا چیف سیکرٹری پنجاب کو خط

نوازشریف کے جیل سیل سے اے سی اتارنے کا معاملہ، شہبازشریف کا چیف سیکرٹری پنجاب کو خط
July 27, 2019
 لاہور (92 نیوز) نوازشریف کے جیل سیل سے اے سی اتارنے کے معاملے پر اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف نے چیف سیکرٹری پنجاب کو خط لکھ دیا۔ خط کے متن کے مطابق محمد نواز شریف کی جیل سے اے سی اتارنے کا خط پنجاب حکومت کے میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی خلاف ورزی ہے۔ 25 جولائی 2019 کو شائع ہونے والی خبر کے مطابق پنجاب حکومت نے آئی جی جیل خانہ جات کو 17 جولائی کو خط لکھ کر اے سی اتارنے کی ہدایت کی ہے۔ خط کے مطابق یہ اقدام وزیراعظم کے حکم پر کیا جا رہا ہے۔ آپ کی توجہ پنجاب حکومت کے تشکیل کردہ بورڈ کی سفارشات کی جانب مبذول کرانا چاہتا ہوں ۔ میڈیکل بورڈ کی سب سے پہلی پہلی سفارشی یہی ہے کہ محمد نواز شریف کو مناسب درجہ حرارت والے کمرے میں رکھا جائے۔ خط میں کہا گیا بورڈ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ مناسب درجہ حرارت میں نہ رکھنے سے ان کے گردے فیل ہو سکتے ہیں ۔ محکمہ داخلہ کی سرد مہری پر حیران ہوں کہ محمد نواز شریف کی صحت سے متعلق کلیدی نکتہ کو کیسے نظر انداز کردیا گیا۔ سیاسی انتقام کی خاطر یہ اقدام میرے قائد اور بھائی کی جان پر حملہ ہے۔ شہباز شریف نے خط میں لکھا محمد نواز شریف کے کمرے سے اے سی اتارنے کا مطلب میڈیکل بورڈ کی سفارشات کی خلاف ورزی ہے ۔ اس اقدام کے محمد نواز شریف کی صحت پر انتہائی مضر اثرات ہوں گے۔ میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر ان کی روح کے مطابق عمل کیا جائے۔ شہباز شریف کے خط کی کاپیاں چیف جسٹس پاکستان، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ پنجاب اور آئی جی جیل خانہ جات کو بھی بھیجی گئی ہیں ۔