Saturday, May 18, 2024

نوازشریف کے صاحبزادوں کے شیئرز اور اکاؤنٹس کی قرقی کا حکم

نوازشریف کے صاحبزادوں کے شیئرز اور اکاؤنٹس کی قرقی کا حکم
November 14, 2017

اسلام آباد ( 92 نیوز )احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم کے دونوں صاحبزادوں کے شیئرز اور اکاؤنٹس کی قرقی کا حکم دےدیا۔ دونوں کو اشتہاری قرار دینے کےلئے تعمیلی رپورٹ جمع کرا دی گئی ۔ تفتیشی افسران نے بیانات قلمبند کرادیئے۔
سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے صاحبزادوں کو اشتہاری قرار دینے سے متعلق کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے کی۔ نیب نے نوازشریف کے دونوں صاحبزادوں کو اشتہاری قرار دینے کیلئے تعمیلی رپورٹ عدالت میں جمع کرائی ۔

فلیگ شپ ریفرنس کے تفتیشی افسر محمد کامران نے بیان قلمبند کراتے ہوئے بتایا کہ حسن اور حسین نواز کے اثاثوں سے متعلق تمام اداروں کو خطوط لکھے ۔ ایل ڈی اے اور ڈی ایچ اے کے مطابق ملزمان کی کوئی جائیداد نہیں ۔ ڈی سی لاہور اور نجی ہاﺅسنگ سوسائٹی کے جواب کا انتظار ہے ۔

حسین نواز کے 4 بینک اکاﺅنٹس کی تفصیلات مل گئی ہیں ۔ ان کے اکاﺅنٹس میں 4272 یورو ، 3992ڈالر ،207 پاﺅنڈ اور 3لاکھ 82 ہزار 381 پاکستانی روپے بھی ہیں۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ دونوں ملزمان کی طلبی کےلئے اشتہار ان کے گھروں اورعدالت کے باہر چسپاں کئے گئے ہیں ۔ اشتہار دفترخارجہ کے ذریعے لندن بھی بھجوائے جبکہ اڈہ پلاٹ رائیونڈ روڈ اور اے بلاک ماڈل ٹاﺅن میں اعلانات بھی کرائے ،پارک لینڈ اپارٹمنٹ میں اشتہارات چسپاں کرنے کی تعمیلی رپورٹ موجود ہے ۔ ملزمان کی طلبی کی خبریں بھی تمام میڈیا میں رپورٹ ہوئیں ۔ دونوں جان بوجھ کر مفرور ہیں ۔ تمام قانونی تقاضے پورے کردیئے ہیں لہذا ملزموں کو اشتہاری قرار دیاجائے۔
سابق وزیراعظم کے صاحبزادوں کےخلاف العزیزیہ سٹیل ملز کے تفتیشی افسر محبوب عالم اور ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس کے تفتیشی افسر عمران ڈوگر نے بھی بیانات قلمبند کرائے ۔ عدالت نے مزید سماعت 15نومبر تک ملتوی کردی۔