Sunday, May 19, 2024

نوازشریف کیخلاف شہر شہر احتجاج کا سلسلہ جاری،اندراج مقدمات کیلئے درخواستیں بھی دائر

نوازشریف کیخلاف شہر شہر احتجاج کا سلسلہ جاری،اندراج مقدمات کیلئے درخواستیں بھی دائر
May 15, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) ممبئی حملوں سے متعلق بیان دینے پر نواز شریف کے خلاف فیصل آباد نارووال سمیت ملک کے متعدد شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ۔ فیصل ااباد میں تحریک انصاف کے  کارکنوں نے وطن مخالف بیان پر نواز شریف کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جب کہ نارووال میں ریلی نکالی گئی ۔ ہارون آبادمیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما چوہدری معظم علی نے تھانہ سٹی میں نواز شریف کے خلاف درخواست جمع کروائی ۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ نوازشریف کے اس بیان سے کروڑوں پاکستانیوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ فیصل  آباد میں پی ٹی آئی کے کارکن نواز شریف کے بیان کے خلاف سڑکوں پر آ گئے ضلع کونسل چوک میں فرخ حبیب کی قیادت میں مظاہرین کی جانب سے نواز شریف کے خلاف نعرے بازی کی  جبکہ مظاہرین نے نواز شریف کا پتلا بھی نذر آتش کیا۔ نارووال  میں  نوازشریف کے متنازعہ بیان کے خلاف پاکستان تحریک انصاف نے  احتجاجی ریلی نکالی  جبکہ ریلی کے شرکا نے پاک فوج کے حق میں نعرے بازی کی ۔ وہاڑی میں سابق وزیر اعظم کے ملک دشمن بیان کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی  ، ریلی میں پی ٹی آئی کے عہدیداران و کارکنان کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔ اس موقع پر نواز شریف کے خلاف نعرے بازی ہوئی۔ راولپنڈی  میں منہاج یو تھ لیگ کے زیر اہتمام نوازشریف کے متنازعہ بیانیے کیخلاف  پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، قومی سلامتی کے اداروں پر الزام کے بعد نوازشریف کیخلاف آر ٹیکل چھ کے تحت مقدمہ درج کیا جا ئے۔ میر پور آزاد کشمیر میں نوازشریف کے خلاف تحریک انصاف آزاد کشمیرنے ریلی نکالی ،  ریلی کے شرکا نے نوازشریف کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔ دوسری جانب مختلف شہروں میں مقدمات کے اندراج کیلئے مزید درخواستیں بھی آگئیں ۔