Sunday, September 8, 2024

نوازشریف کیخلاف زیر سماعت ریفرنسز کے ٹرائل ایک ساتھ مکمل کرنے کی استدعا منظور

نوازشریف کیخلاف زیر سماعت ریفرنسز کے ٹرائل ایک ساتھ مکمل کرنے کی استدعا منظور
August 20, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) احتساب عدالت نے نوازشریف کے خلاف زیر سماعت دو ریفرنسز کے ٹرائل ایک ساتھ مکمل کرنے کی استدعا منظور کر لی۔ ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کیلئے احتساب عدالت نے ایک بار پھر سپریم کورٹ سے مزید وقت مانگ لیا۔ احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی ایک اور پیشی ہوئی۔ العزیزہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کے دوران وکیل خواجہ حارث کی باقی دونوں ریفرنس کا ٹرائل ایک ساتھ مکمل کرنے کی استدعا منظور کرلی گئی۔ جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیا عدالت میں پیش نہ ہو سکے۔ دوران سماعت خواجہ حارث نے کہا ہائی کورٹ میں مصروفیت کے باعث واجد ضیا پر جرح نہیں کر سکتا۔ خواجہ حارث نے شکوہ کرتے ہوئے کہا میں نے ایک بار بھی عدالت سے التوا نہیں لیا جبکہ گذشتہ سماعت پر تفتیشی افسر کا بیان میری عدم موجودگی میں ریکارڈ کیا گیا ۔ بیان ریکارڈ کرنے سے تاثر گیا کہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کا فیصلہ پہلے ہو جائے گا۔ عدالت نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں آئندہ سماعت پر واجد ضیاء پر جرح کا حکم دیتے ہوئے سماعت 27 اگست تک ملتوی کر دی ۔ کمرہ عدالت میں صحافیوں  نے عید سے پہلے ضمانت کا سوال کیا تو نواز شریف نے کہا آپ کے زبان مبارک ہو۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ دور اقتدار میں وزیراعظم ہاوس کے تمام اخراجات ذاتی حیثیت میں برداشت کرتا تھا جس کا ریکارڈ بھی موجود ہے۔ اڈیالہ جیل کے باہر نوازشریف پر گل پاشی کرنے والے دو کارکنوں کو پولیس  نے حراست میں لے لیا۔