Saturday, May 4, 2024

نوازشریف کی پراپرٹی کی دستاویز ریکارڈ کا حصہ بنانے کی درخواست منظور

نوازشریف کی پراپرٹی کی دستاویز ریکارڈ کا حصہ بنانے کی درخواست منظور
December 21, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) نیب ریفرنسز میں نوازشریف کی حسن نواز کی فروخت شدہ پراپرٹی سے متعلق اضافی دستاویز کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کی درخواست منظور کر لی گئی۔ دوران سماعت نوازشریف کے وکلاء نے یوکے لینڈ رجسٹری سے تصدیق شدہ ایک اور دستاویز بھی احتساب عدالت میں جمع کرائی اور ریکارڈ کا حصہ بنانے کی استدعا کی اور کہا اس طرح کی پہلے بھی دستاویزات جمع کراچکے ہیں۔ نیب نے درخواست کی مخالف کی تو پراسیکیوٹر سردار مظفر نے دلائل دئیے کہا کہ وکیل صفائی کی طرف سے شہادت مکمل ہونے کا بیان دیا جا چکا ۔ کوئی قانون بتا دیں جس کے تحت یہ دستاویز اب پیش کی جا سکتی ہے۔ جج ارشد ملک نے استفسار کیا حسن نواز پراپرٹی کو رکھ لے یا فروخت کرے کیس پر کیا اثر پڑے گا؟ تو نیب پراسیکیوٹر نے دلیل دی کہ ان کی تمام کمپنیاں نقصان میں ظاہر کی گئی۔ کمپنیاں نقصان میں ہیں تو مزید قرض کیسے لے سکتے؟؟۔ ملزموں کو دفاع پیش کرنے کیلئے پورا موقع دیا گیا۔ جو دستاویزات پیش کی گئیں ان کا فنانشل اسٹیٹمنٹ میں ذکر ہی نہیں۔ عدالت نے نیب کی استدعا مسترد کردی اور دستاویز کوعدالتی کو ریکارڈ کا حصہ بناتے ہوئے درخواست نمٹا دی۔ دوسری طرف نوازشریف نے احتساب عدالت سے العزیزہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کے فیصلے کی تاریخ بدلنے کی استدعا کر دی۔ درخواست میں کہا فیصلے کی تاریخ 24 کے بجائے 26 دسمبر کر دی جائے۔ جج ارشد ملک نے ریمارکس دیئے کہ پوری کوشش ہو گی فیصلہ 24 دسمبر کو ہی سنا دیں۔ اگر فیصلہ نہ لکھا جا سکا پھر تاریخ تبدیل کر دیں گے۔