Saturday, April 20, 2024

نوازشریف اور مریم نواز کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا فیصلہ

نوازشریف اور مریم نواز کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا فیصلہ
July 10, 2018
لاہور ( 92 نیوز  ) ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ نوازشریف اور مریم نواز کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے بعد دونوں  کی گرفتاری کے لئے ابتدائی پلان بھی تیار کر لیا گیا ۔ نوازشریف اور مریم نواز شریف کی لاہور ائیرپورٹ سے گرفتاری کے بعد اڈیالہ جیل منتقلی کیلئے  وزارت داخلہ کا اہم اجلاس ہوا، اجلاس میں  فیصلہ کیا گیا کہ نواز شریف اور مریم نواز کو ایئر پورٹ سے گرفتار کر کے ہیلی کاپٹر کے ذریعے   اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔ نگران  صوبائی وزیرداخلہ  شوکت جاوید نے 92 نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پرامن لوگوں کے  خلاف کارروائی نہیں ہو گی جبکہ حالات خراب کرنے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا ۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق ایئر پورٹ  کی سکیورٹی کی ذمہ داری صوبائی حکومت کی ہو گی  ،جونہی نوازشریف اور مریم نواز ایئر پورٹ پر اتریں گے ،  امیگریشن حکام  دونوں کو گرفتار کر کے نیب ٹیم کے حوالے کریں گے   جبکہ سکیورٹی کی صورتحال  کا جائزہ لے کر نواز شریف اور مریم نواز کو احتساب عدالت میں پیش کرنے یا نہ کرنے  کا فیصلہ کیا جائے گا اور اگر ضرورت ہوئی تو اڈیالہ جیل میں بھی جج سے جوڈیشل ریمانڈ حاصل کیا جائے گا ۔ نگران وزیر داخلہ نے کہا کہ  ن لیگ کے کارکن پرا من رہے تو ایکشن نہیں ہوگا لیکن حالات خراب ہوئے تو رینجرز کو حرکت میں لایا جائے گا۔ گزشتہ روز ننکانہ صاحب میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے بھی کارکنوں کو نواز شریف کی وطن واپسی کے موقع پر لاہور پہنچنے کی ہدایت کی تھی جب کہ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کی جانب سے نواز شریف کی  وطن واپسی پر  گرفتاری کے خلاف شدید مزاحمت کی جائے گی ۔