Friday, April 19, 2024

نوازشریف کی عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں ،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت سے آگاہ کیا

نوازشریف کی عالمی رہنماوں سے ملاقاتیں ،مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت سے آگاہ کیا
September 20, 2016
نیویارک(92نیوز)وزیراعظم میاں نوازشریف کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔وزیراعظم نے ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی اور اُنہیں مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت کے بارے میں آگاہ کیا جبکہ نواز شریف نے جاپان کے وزیراعظم سے  بھی ملاقات کی ہے۔ تفصیلات کےمطابق  وزیراعظم میاں نواز شریف نے ترکی کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی ۔ وزیراعظم نوازشریف نے ملاقات میں ترک صدر کو مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت کے بارے میں آگاہ کیا  اورنیوکلئیرسپلائرزگروپ میں ترکی کے تعمیری کردارکو سراہا ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دی جائے گی ۔آزاد تجارتی معاہدے سے دو طرفہ تجارتی حجم میں اضافہ ہو گا ۔ وزیراعظم نواز شریف نے ترکی میں ہونے والے حالیہ بم دھماکوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی  جبکہ اس موقع پر ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا پاکستان اور ترکی یک جان اور دو قالب ہیں دونوں ملک اچھے اور برے وقت کے ساتھی ہیں ۔ رجب طیب اردوان کا مزید کہنا تھا کہ او آئی سی کا انسانی حقوق کمیشن  حقائق جاننےاوربھارتی مظالم کاجائزہ لینے مقبوضہ کشمیر جائے گا۔ اس سے پہلے وزیراعظم میاں نوازشریف نے جاپانی وزیراعظم سے بھی ملاقات کی جس میں وزیراعظم نے جاپان کے وزیراعظم کو آپریشن ضرب عضب میں ملنے والی کامیابیوں کے ساتھ ساتھ نیشنل ایکشن پلان سے  بھی آگاہ کیا ۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جاپان پاکستان کا ایک اچھا دوست ہے جس کے ساتھ کئی شعبوں میں پاکستان کی شراکت داری ہے ۔ وزیراعظم سے سعودی ڈپٹی پرائم منسٹر نے بھی ملاقات کی ۔اس اہم ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ 2 3 4 5